کاروکاری کا الزام لگا کر خاتون کو 13 لاکھ روپے میں فروخت کردیا گیا، واقعہ کہاں پیش آیا؟ تفصیلات سامنے آگئیں
راجن پور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ڈویژن ڈیرہ غازی خان کے ضلع راجن پور کے قبائلی علاقے جچہ میں تین بچوں کی ماں کو وڈیرے نے کاروکاری کا الزام لگا کر 13 لاکھ روپے میں فروخت کردیا۔
متاثرہ خاتون ’ لعل مائی‘ کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے کے وڈیرے چھٹا خان نے اس پر کاروکاری کا الزام لگایا جس کے بعد اپنے بھائیوں اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسے بگٹیوں کے ہاتھ 13 لاکھ روپے میں فروخت کردیا۔
لعل مائی نے بتایا کہ ملزمان نے اسے رات کی تاریکی میں گھر سے اٹھانے کا منصوبہ بنایا لیکن لیکن بروقت اطلاع ملتے ہی وہ اپنے بچوں، والدہ اور بھائیوں کو ساتھ لے کر گھر سے بھاگ گئی اور قریبی کھیتوں میں چھپ کر رات گزاری۔ صبح ہوتے ہی وہ کمانڈنٹ بی ایم پی (بارڈر ملٹری پولیس) آفس پہنچے جہاں جان کے تحفظ اور ملزمان کے خلاف کارروائی کی درخواست دے دی ہے۔
دوسری جانب کمانڈنٹ بی ایم پی منصور بلوچ کا کہنا تھا کہ ہم نے خاتون کی درخواست پر ملزمان کےخلاف کاروائی شروع کردی ہے اور متاثرین کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔