ملک بھر میں 2کروڑ افراد ہیپاٹائٹس میں مبتلا ہیں،ڈاکٹر اسرار الحق طور
لاہور(پ ر) جنرل ہسپتال میڈیکل یونٹ ون کے ایسوسی ایٹ پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر اسرار الحق طور نے کہا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی معاشرے میں تیزی سے پھیلنے والی بیماری ہے جس کے بارے میں لوگوں کی لاپرواہی،عدم معلومات اور پرہیز علاج سے بہتر ہے کے اصول کو نہ اپنانے کی وجہ سے صورتحال کنٹرول سے باہر ہونے لگی ہے۔ ملک بھر میں تقریبا 2کروڑ افراد ہیپاٹائٹس میں مبتلا ہیں جبکہ کالے یرقان کی وجہ سے شرح اموات میں تیزی سے اضافہ لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ انجکشن کی بجائے ہیپاٹائٹس سی کا علاج ادویات سے زیادہ کامیاب ہے اور مضر اثرات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر لوگ شعور و آگاہی نہ ہونے کی بناء پر اپنا بلڈ ٹیسٹ نہیں کرواتے اور ہیپاٹائٹس کے مرض کوعام ہوئے پوشیدہ رکھتے ہیں جو آہستہ آہستہ مہلک صورتحال اختیار کرلیتی ہے اور وہ موت کے منہ میں چلا جاتا ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ ہیپاٹائٹس کے مریض کی بر وقت تشخیص اور علاج کو ممکن بنایا جائے۔لوگوں میں شعور اورآگاہی بہت ضروری ہے۔