ملک وقوم کو خوشنما اعلانات سے ترقی نہیں مل سکتی،میاں نعیم الدین
لاہور(پ ر)پیس اینڈ جسٹس سوسائٹی پاکستان کے چیئرمین میاں نعیم الدین نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی خوش نما اعلانات سے ممکن نہیں بلکہ اس کیلئے وفاق وصوبوں میں آئین و قانون اوروعدوں کی پاسداری کرنے والے دیانت دار،مخلص اور محب وطن حکمرانوں کی ضرورت ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیس اینڈ جسٹس سوسائٹی پاکستان کے چیئرمین میاں نعیم الدین نے کہا کہ 72 سال سے عوام کو سبز باغ دکھانے اور تبدیلی کے نعرے لگانے والوں نے ملک وقوم کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے، کرپشن اور غربت کا گراف کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گیا ہے،غریب لوگ مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ آکر خودکشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں، عام آدمی تعلیم، صحت اور انصاف کی سہولتوں سے محروم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک اللہ تعالیٰ کے عطا کردہ نظام سے روگردانی کا رویہ ترک نہیں کیا جائے گا مسائل ختم ہونے کے بجائے مزید بڑھتے رہیں گے، نظریاتی مملکت کے قیام کیلئے ہمارے اسلاف نے ناقابل فراموش قربانیاں دیں، لاکھوں مسلمانوں کو شہید کردیا گیا، شیر خوار بچوں کو نیزوں پر اچھالا اور بہنوں اور بیٹیوں کی عزتوں کو پامال کیا گیا لیکن قیام پاکستان کے بعد جو لوگ ملکی اقتدار پر مسلط ہوئے انہوں نے ان تمام قربانیوں کو ضائع کردیا اور ملک پر دوبارہ وہی انگریز کا نظام مسلط کردیا جب تک ملک کو تحریک پاکستان کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں کیا جاتا تبدیلی کا کوئی خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔