تحفظ بنیاد اسلام بل سے تمام مسالک میں اتحاد پیار مزید مضبوط ہو گا: پرویز الٰہی
لاہور(آن لائن)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے علامہ ساجد نقوی، مفتی منیب الرحمن، مفتی راغب نعیمی، پیر امین الحسنات شاہ، سید سبطین حیدر سبزواری، سید صفدر شاہ، سابق ایم پی اے سیدثقلین رضا شاہ آف تلہ گنگ، علامہ گلفام ہاشمی سے تحفظ بنیاد اسلام بل کے متعلق ٹیلیفون پر مشاورت کی ہے۔ اس موقع پرویزالہٰی نے کہا کہ تحفظ بنیاد اسلام بل کے تحت تمام کتب میں خاتم النبین حضرت سیدنا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لازمی لکھا جائے گا۔تمام حضراتِ اہل بیت اطہار، تمام ازواج مطہرات (امہات المومنین)، صاحبزادی، صاحبزادوں، تمام نواسوں اور نواسیوں کیلئے علیہ السلام یا سلام اللہ علیہ یا رضی اللہ عنہ یا رضی اللہ عنہا لازمی لکھا جائے گا۔حضرات اہل بیت اطہار کے ناموس پر ہمارا سب کچھ قربان ہے،اہل بیت سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ مجھ سمیت تمام اسمبلی نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے پہلے متفقہ طور پر وہ کتب ضبط کرنے کا حکم دیا جس میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سمیت اہل بیت اطہار کی شان میں گستاخی کی گئی تھی۔یہ ہمارے اہل بیت اطہار سے عشق کا عملی ثبوت ہے۔تحفظ بنیاد اسلام بل سے تمام مسالک کے درمیان اتحاد و پیار مزید مضبوط ہوگا۔
پرویز الہٰی