چیچو کی ملیاں کے قریب پولیس مقابلہ، ایک کانسٹیبل شہید، 3زخمی
شیخوپورہ،فیروزوالہ (بیورورپورٹ،نمائندہ پاکستان) مریدکے شیخوپورہ روڈ پر چیچو کی ملیاں کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ایلیٹ فورس کانسٹیبل محمد رضوان شہید جبکہ تین کانسٹیبل گلفام، فیصل اور خالد ڈرائیور شدید زخمی ہو گئے پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ مریدکے روڈ پر کار سوار مسلح چارڈاکوؤں نے ناکہ لگا کر راہگیروں اور مویشیوں کے بیوپاریوں کو روک کر لوٹ مار کر رہے تھے۔ اطلاع ملتے ہی ایلیٹ فورس کے چار اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے مگر ڈاکو پولیس گاڑی کو دیکھ کر چاروں ڈاکو کار سمیت فرار ہو گئے جس پر ایلیٹ فورس اور مقامی پولیس کے اہلکاروں کے تعاقب کرنے پر ڈاکوؤں کی کار بے قابو ہو کر الٹ گئی اور ڈاکو کار سے نکلنے پر رو پوش ہو گئے ڈاکوؤں نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے باعث پولیس گاڑی الٹ گئی کانسٹیبل محمد رضوان شہید ہو گیا جبکہ تین ملازمین شدید زخمی ہو گئے۔ جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کروا دیا گیا اقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او شیخوپورہ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے پورے علاقہ کی ناکہ بندی کرکے ڈاکوؤں کی تلاش کی اس دوران ایک زخمی ڈاکو پولیس نے پکڑ لیا جبکہ تین ڈاکو فرار ہو گئے ڈی پی او شیخوپورہ کے مطابق پولیس نے ملزمان کو پکڑنے کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ شہید کانسٹیبل کی نماز جنازہ پولیس لائن شیخوپورہ میں اد کی گئی جس میں پولیس افسران سرکاری ملازمین اور علاقہ کے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔