چینی ووہا ن لیب کی پاکستان میں خفیہ کارروائیوں کی بھارتی رپورٹ من گھڑت: دفترخارجہ

Jul 27, 2020


اسلام آباد (این این آئی)ترجمان دفترخارجہ نے چینی ووہان لیبارٹری کی پاکستان میں غیرقانونی خفیہ آپریشن بارے رپورٹ کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیکر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گمنام ذرائع کی رپورٹ جعل سازی پر مشتمل ہے، پاکستان کی بائیو سیفٹی لیول 3 لیبارٹری کے حوالے سے کوئی راز نہیں ہے۔ پاکستان حیاتیاتی اور زہریلے ہتھیاروں کے کنونشن (بی ٹی ڈبلیو سی) کے بارے میں معلومات دے رہا ہے۔ترجمان دفترخارجہ چینی ووہان لیبارٹری کی پاکستان میں غیرقانونی خفیہ آپریشن بارے کلیکسون سٹوری بارے ردعمل میں کہا کہ یہ جھوٹی اور سیاسی بنیادوں پرگھڑی گئی سٹوری ہے جس میں حقائق تروڑ مروڑ کر بیان کئے گئے ہیں اور نامعلوم ذرائع سے منسوب کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں مزکورہ پاکستان کی بائیوسیفٹی لیول تھری (بی ایس ایل 3) لیبارٹری کوئی راز نہیں ہے، پاکستان اعتماد سازی کے اقدامات سے آگاہی رپورٹ جمع کراتا ہے اور حیاتیاتی و جراثیمی زہر ویپن کنونشن کے فریق ممالک سے معلومات کا تبادلہ کرتا ہے۔ یہ لیبارٹری تشخیص و تحفظ کے نظام کی بہتری کیلئے ہے، ابھرتے ہوئے ہیلتھ خطرات، نگرانی اور بیماری پھیلنے کی انوسٹی گیشن کے حوالے سے لیبارٹری تحقیقی و ڈویلپمنٹ کام کرتی ہے۔ پاکستان کنونشن کے رکن ممالک پر بھرپور نفاذ کیلئے میکانزم یقینی بنانے کیلئے بھرپور آواز بلند کرتا آیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کورونا کے تناظر میں لیبارٹری کے آپریشنز کے حوالے سے دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔

مزیدخبریں