امریکہ میں 10کھرب ڈالر کا نیا پیکیج تیار، ہر شہری کو 1200ڈالر ملیں گے

  امریکہ میں 10کھرب ڈالر کا نیا پیکیج تیار، ہر شہری کو 1200ڈالر ملیں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن(اظہر زمان، بیوروچیف) کرونا وائرس سے ریلیف کا ایک نیا پیکیج تیار ہو گیا ہے اور سرکاری ری پبلکن پارٹی کے مجوزہ بل کا مسودہ سوموار کے روز منظر عام پر آ جائے گا۔ یہ انکشاف وفاقی وزیر خزانہ سیٹو منوچن نے ”فوکس نیوز سنڈے“ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ اس مسودے سے ڈیمو کریٹک پارٹی کو اختلاف ہے جس میں خاص طور پر بیروزگاری الاؤنس کے لئے فنڈ ہے جس کی پہلے ریلیف پیکیج میں مخصوص رقم ایک دو ہفتے میں ختم ہونے والی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی بیروزگاری الاؤنس سمیت تمام معاملات پر مخالف جماعت سے اختلافات بات چیت سے ختم ہو جائے گا جس کا اب باقاعدہ آغاز ہونے والا ہے۔وزیر خزانہ نے کہاکہ ”ہم ان مسائل پر ڈیمو کریٹس سے مذاکرات پر تیزی سے آگے بڑھ سکتے ہیں جیسا کہ ہم ماضی میں ان کے ساتھ کرتے رہے ہیں۔ ان دوران وائٹ ہاؤس کے اکنامک ایڈوائزر لیری کڈلو نے ”سی این این“ کے ساتھ انٹرویو میں بتایا ہے کہ مجوزہ بل میں ہر شہری کو بارہ سو ڈالر کا ریلیف فنڈ دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس نئے ریلیف فنڈ، بیروزگاری الاؤنس، چھوٹے کاروباروں اور ریستوران کے لئے ٹیکس کریڈٹ شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پہلے پیکیج کی طرح یہ نیا پیکیج بھی بہت جامع ہے اور پہلے پیکیج میں کرایہ داروں کو بیدخل کرنے کے خلاف جو تحفظ فراہم کیا گیا تھا نئے پیکیج میں اس کی توسیع بھی شامل ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے اپنے انٹرویو میں نئے پیکیج کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ ری پبلکن پارٹی نے اسے سوموار کو پیش کرنے کے لئے اپنی تیاری ہفتے کے روز میں مکمل کر لی تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صدر ٹرمپ اپنی معاشی ٹیم سمیت تمام مشیروں سے اس نئے پیکیج کے سلسلے میں بات چیت مکمل کر چکے ہیں جس کے تحت دس کھرب ڈالر کا فنڈ فراہم کیا جائے گا۔
کورونا ریلیف

مزید :

صفحہ اول -