ذخیرہ اندوزوں کیخلاف مقدمے درج کر کے سٹاک ضبط کیا جائے: عثمان بزدار

      ذخیرہ اندوزوں کیخلاف مقدمے درج کر کے سٹاک ضبط کیا جائے: عثمان بزدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آٹے چینی سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہر انتظامی اقدام اٹھایا جائے۔ نرخوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور کاغذی کارروائی کی بجائے عملی کارروائی کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں جا کر قیمتوں کی مانیٹرنگ کریں اور اشیائے ضروریہ کی ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت یقینی بنائی جائے۔ عوام کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون کے مطابق مقدمے درج کر کے سٹاک ضبط کیا جائے۔ نا جائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لئے متحرک اور فعال طریقے سے کام کرنا ہو گا۔ باتیں بہت ہو چکیں،عوام کو ریلیف دینے کیلئے کام کیا جائے۔مجھے ہر صورت نتائج چاہئیں۔ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لاہور کے شہریوں کی سہولت کیلئے متعدد میگا منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ایسے منصوبے شروع کئے ہیں جن سے لاہور کے شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔ ہماری حکومت نے کبھی بھی زبانی جمع خرچ کیاہے نہ نمائشی منصوبے شروع کئے۔ لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کے قریب سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنائیں گے۔ اس ہسپتال سے لاہور کے شہریوں کو علاج معالجے کی جدید سہولتیں میسر آئیں گی۔ گنگارام ہسپتال میں 600بیڈ کا سٹیٹ آف دی آرٹ مد راینڈ چائلڈ ہسپتال زیر تکمیل ہے۔ لاہور میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے فردوس مارکیٹ انڈر پاس پراجیکٹ کو ریکارڈ مدت میں مکمل کریں گے۔ پنجاب حکومت دو برس میں متعدد سپیشل اکنامک زون پر کام شروع کرچکی ہے۔ پنجاب حکومت بہت جلد بہاولپور میں سپیشل اکنامک زون پر کا م شروع کررہی ہے۔ جنوبی پنجاب میں مدراینڈچائلڈ،کارڈیالوجی اورجنرل ہسپتال بنارہے ہیں۔ پنجاب کا کوئی شہر، قصبہ اوردیہات ترقی کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا۔ سردار عثمان بزدارنے اوکاڑہ کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسو س کا اظہارکیا ہے - وزیر اعلی عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے - سردار عثمان بزدارنے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر(ر) اعجاز احمد شاہ کے چھوٹے بھائی پیر حسن احمد شاہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے -وزیر اعلی عثمان بزدارنے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے-
عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -