آصف زرداری اور چودھری شجاعت میں ٹیلیفونک رابطہ، مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)سابق صدر آصف زرداری اور مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، سابق صدر نے چوہدری شجاعت حسین سے انکی صحت کی بابت دریافت کیا چوہدری شجاعت حسین نے آصف زرداری کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ ر ہنماؤں کے درمیان موجودہ سیاسی صورت حال پر گفتگو ہوئی اور دونوں نے سیاسی مشاورت کے تسلسل پر اتفاق کیا۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین اور سابق صدر آصف زرداری اور مسلم لیگ کے قائد سابق وزیراعظم میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے آصف زرداری نے چوہدری شجاعت حسین کی صحت کے حوالہ سے دریافت کیا جبکہ چوہدری شجاعت حسین نے سابق صدر کے جنم دن کی مبارک باد دی دونوں راہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر گفتگو کی اس بات پر اتفاق کیا کہ سینئر سیاستدانوں کو موجودہ سیاسی انتشار اور غیر یقینی کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ملک بے یقینی سے نکلے اور جمہوریت مضبوط ہو سکے دونوں راہنماؤں نے جماعتی سطح پر رابطوں کے تسلسل اور مسلسل مشاورتی عمل پر اتفاق کیا تاکہ رواداری کی سیاست کو رائج کر کے ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا جاسکے۔دریں اثنا چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کئی مرتبہ کہہ چکا ہوں کہ ہم نے کسی ادارے سے کبھی کوئی قرضہ معاف نہیں کرایا،اربوں روپے کا الزام لگاتے وقت صفروں کا ضرور خیال رکھا جائے،جو کیس عدالت میں ہو اس پر تبصرہ نہیں کرتا،فیملی ممبر چوہدری مونس الٰہی نے نیب کے لگائے گئے الزامات کی وضاحت کر دی ہے۔ اپنے بیان میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میں سینئر صحافیوں سے کہوں گا کہ آپ اربوں کے صفر مجھے بتا دیں تاکہ میں اس پر وضاحت کر سکوں،کئی مرتبہ کہہ چکا ہوں کہ ہم نے کسی ادارے سے کبھی کوئی قرضہ معاف نہیں کروایا،بغیر ثبوت اس طرح کے الزامات چھپوائے جاتے ہیں جس کا مقصد سیاستدانوں پر بہتان تراشی کر کے ان کوبدنام کرنا ہے۔میری خواہش ہے کہ وہ اربوں روپے کا الزام لگاتے وقت صفروں کا خیال ضرور رکھیں۔انہیں اس بات کی سمجھ ہی نہیں کہ 5 ارب میں کتنے صفر آتے ہیں،وہ کم از کم اپنے سکول کے بچوں سے ہی پوچھ لیں کہ 5 ارب میں کتنے صفر آتے ہیں۔یہ دوبارہ ہڈیاں جوڑ کر پرانے بت کی بجائے نیا مجسمہ بنانا چاہتے ہیں۔
چودھری شجاعت