ایس ایم ای سیکٹر کو جدید خطوط پراستوا ر کرنے کیلئے سمیڈا ہر ممکن راہنمائی مہیا کر ے: جاوید افضل

ایس ایم ای سیکٹر کو جدید خطوط پراستوا ر کرنے کیلئے سمیڈا ہر ممکن راہنمائی ...

  

فیصل آباد ( کامرس ڈیسک) فیصل آباد کے ایس ایم ای سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے سمیڈا ہر ممکن راہنمائی مہیا کرنے کے علاوہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں تھیم ڈیسک بھی قائم کیا جائے گا۔ یہ بات سمیڈا کے صوبائی چیف جاوید افضل نے آج یہاں ایک زوم میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ اس میٹنگ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں، سمیڈا کے بزنس ڈویلپمنٹ مینیجر مسٹر آصف، چیمبر کے سیکرٹری جنرل ملک عبدالقیوم رضا، ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ایم ڈی طاہر اور سمیڈا فیصل آباد کے ریجنل بزنس کنسلٹنٹ شعبان چیمہ نے بھی شرکت کی۔ جاوید افضل نے سمیڈا کے بارے میں بتایا کہ اس ادارے کا بنیادی مقصد چھوٹے اور درمیانے درجہ کی صنعتوں کے مسائل کو حل کرنے کے علاوہ نوجوانوں میں نئے ادارے قائم کرنے کی ترغیب دینا ہے تاکہ ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سمیڈا وفاقی حکومت کو ایس ایم ای سیکٹر کے بارے میں بجٹ سفارشات پیش کرنے کے علاوہ تجارتی اور صنعتی تنظیموں سے بھی مشاورت کرتا ہے تاکہ ان اداروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایس ایم ای سیکٹر کیلئے سہولت سنٹر قائم کرنے کی بھی تجویز پیش کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ سمیڈا فیصل آباد کے ریجنل کنسلٹنٹ مسٹر شعبان چیمہ چیمبر کی آئندہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیا کریں گے۔

مزید :

کامرس -