پی ٹی آئی حکومت کے دوسال کے لیے تباہ کن ہوئے: ناصر حسین شاہ

  پی ٹی آئی حکومت کے دوسال کے لیے تباہ کن ہوئے: ناصر حسین شاہ

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر بلدیات و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے عمران خان کی حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی مخالف سیاسی جماعتوں کے رہنما قوم کو اس حکومت کے نتیجے میں ہونے والی تباہی سے آگاہ کرتے ہیں تو اسے یہ کہہ کر رد کردیا جاتا ہے کہ ہمارا سیاسی ایجنڈا ہے مگر آپ عوام میں جائیں اور اپنی آنکھوں سے دیکھیں کہ وہ کس عذاب سے گزررہے ہیں۔ یہ دوسال پاکستانی قوم پر تباہ کن ثابت ہوا اور سونامی والے حقیقتا سونامی والی تباہی دے گئے۔ ان کی نااہلی اور غیر مستقل مزاجی کی وجہ سے مہنگائی آسمان کو چھوچکی ہے کل تک جو چیز پچاس روپے کی تھی آج ڈیڑھ سو روپے کی ہوچکی ہے۔ ڈالر سونا پٹرول یہ وہ تین اہم ج ز ہوتے ہیں جن کی قیمتیں کسی بھی معیشت کی راہ متعین کرتی ہیں تینوں کی قیمتیں آج عام انسان تو چھوڑیں امرا کی پہنچ سے بھی دور ہوگئیں ہیں اور ہر آنے والے دن ان میں شدید اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری نے غربت کے خاتمے کے لیے قوم کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسا انقلابی غریب پرور تحفہ دیا جسے موجودہ حکومت نے تبدیل کرکے غریبوں کی کمر کو مزید توڑ دیا۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہندوستان میں مودی کو سات سال قبل یہ کہہ کر اقتدار میں لایا گیا تھا کہ وہ اگلے دس سال میں ہندوستان کو دنیا کی ایک لازوال طاقت بنادیں گے مگر آج ہندوستان وہاں سے بھی کئی میل پیچھے چلا گیا جہاں سات سال پہلے تھا آج دنیا بھر میں ہندوستان کو ایک ناکام اور آپسی اختلافات سے بھرپور ریاست کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور مودی کو اپنے انتہا پسند ووٹرز کو خوش رکھنے کے لیے مسلمانوں کے خلاف پھر سے نفرت کی سیاست کرنا پڑرہی ہے اسی لئے کشمیر پر ا س نے ظلم کے پہاڑ ڈھادیے ہیں۔بس یہ ہی حال پاکستان کا ہورہا ہے ہر طرف بددلی مایوسی اور بدترین غربت نے ڈیرہ ڈالا ہوا ہے اور ہر بار جب قوم زیادہ تکلیف میں آتی ہے تو یہ کہہ دیا جاتا ہے کہ گھبرانا نہیں ہے۔

مزید :

صفحہ اول -