سول آفیسر میس میں ٹینس کورٹس اور بیڈمنٹن کورٹس کا افتتاح

  سول آفیسر میس میں ٹینس کورٹس اور بیڈمنٹن کورٹس کا افتتاح

  

پشاور (سٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری خیبرپختونخواڈاکٹر کاظم نیاز نے کھیلوں کی ایک ہزار سہولیات پراجیکٹ کے سلسلے میں سول آفیسر ز میس پشاور میں ٹینس اور بیڈمنٹن کورٹس کا باضابطہ افتتاح کیا اس موقع پر سیکرٹری ایڈمنسٹریشن ظاہرشاہ، سیکرٹری کھیل عابد مجید،سیکرٹری جنگلات شاہد اللہ خان، سیکرٹری انرجی اینڈ پاور محمد زبیر، وزیر اعلی کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری ایکسائز اسلام زیب، سیکرٹری خزانہ عاطف الرحمن، سیکرٹری اعلی تعلیم حسن محمود یوسفزئی، عبدالستار ڈائریکٹر این آئی ایم پشاور سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ تمام محکمے وزیراعظم عمران خان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں، صوبے بھر میں کھیلوں کی سہولتوں کا جال بچھایا جارہا ہے جس کا مقصد کھلاڑیوں کو آگے آنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔ سیکرٹری کھیل عابد مجید نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت صوبے کے مختلف اضلاع میں 486 ملین کی 96سکیموں پر کام جاری ہے، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل امبریلا سکیم کے تحت ایک ہزار سہولیات کھیل پراجیکٹ میں شامل291 ملین کے 28 نئے منصوبوں کے پی سی ونز سیکرٹری کھیل کی وساطت سے منظوری کے لئے حکومت کو بھیج دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کے وژن کے مطابق پورے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ضلع اور تحصیل سطح پر گراؤنڈ اور کھیلوں کی سہولیات مہیا کرنے کے لئے تیزی سے کام جاری ہے تاکہ نوجوان نسل مفید اور کار آمد ہو۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے سیکرٹری ایڈمنسٹریشن ظاہرشاہ کی کارکردگی کو بھی سراہا جنہوں نے سول آفیسرز میس میں ٹینس اور بیڈمنٹن کورٹس کی نگرانی کرتے ہوئے وقت سے پہلے مکمل کروایا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -