صوابی‘ گاڑی کی ٹکر سے 1 شخص جاں بحق 8 زخمی

  صوابی‘ گاڑی کی ٹکر سے 1 شخص جاں بحق 8 زخمی

  

صوابی (بیورو رپورٹ)پشاور اسلام آباد موٹر وے پر گاڑی کی ٹکر سے سوزوکی وین میں سوار ایک شخص گر کر جاں بحق ہو گیا۔ جب کہ دیگر ٹریفک حادثات میں تین خواتین سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ سید میر خان سکنہ پشاور نے تھانہ لاہور میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ سوزوکی وین میں پشاور کی طرف جارہا تھا جب وہ پشاور اسلام آباد موٹر وے پر تھانہ لاہور کی حدود میں پہنچے تو پیچھے سے آنے والی گاڑی نے وین کو ٹکر مار دیا جس کے نتیجے میں سوزوکی وین میں سوار اعجاز احمد سڑک پر گر کر شدید زخمی ہو گیا اور بعد ازاں ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔دریں اثناء صوابی جہانگیرہ روڈ پر تورڈھیر کے قریب ڈبل ڈور پک اپ کی ٹکر سے رکشے میں سوار خواتین زوجہ عزیز الرحمن سکنہ مانکی زوجہ سلطان سکنہ جلبئی، زوجہ وزیر اللہ سکنہ زکریا، سلطان الرحمن سکنہ مانکی اور رکشہ ڈرائیور یاسین سکنہ جلبئی زخمی ہو گئے۔ اسی طرح تورڈھیر کے مقام پرموٹر سائیکل اور رکشے کے درمیان تصادم کے نتیجے میں عبدالرحمن اور واقف خان زخمی ہو گئے۔ ریسکیو1122کی میڈیکل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد دے کر باچا خان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا۔ جب کہ موٹر سائیکل کی ٹکر سے زیارت گل سکنہ کارخانے گدون زخمی ہو گئے۔ پولیس نے الگ الگ ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -