کراچی، سمجھوتے کی سیاست کی نہ کروں گا،جسٹس وجیہ

  کراچی، سمجھوتے کی سیاست کی نہ کروں گا،جسٹس وجیہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(سٹاف رپورٹر)سمجھوتے کی سیاست کی نہ کروں گا۔ جس جذبے اور سوچ کے تحت 2016ء میں پارٹی قائم کی تھی، اس میں آج بھی کوئی فرق نہیں آیا۔ جو تبدیلی لانے کا دعویٰ کرکے برسرِ اقتدار آئے وہ ماضی کی حکومتوں سے بھی زیادہ ناکام ہیں۔ یہ باتیں عام لوگ اتحاد کے سربراہ جسٹس (ر) وجیہ الدین احمد نے صحافیوں کے ایک وفد کے ساتھ گفتگو میں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کے مسائل سمیت تمام رکاوٹوں کے باوجود 4 برس میں پارٹی بہت بڑھی ہے۔ ہم نے گزشتہ دنوں ہی انٹرا پارٹی الیکشن کرائے ہیں، جن میں سندھ اور پنجاب میں کامیاب انتخابات کے انعقاد میں کامیابی ملی۔ جبکہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں محدود نقل و حرکت کے سبب خیبر پختون اور بلوچستان میں بھرپور رسپانس نہیں مل سکا۔ تاہم مجھے امید ہے کہ جب میں ان دونوں صوبوں کا دورہ کروں گا تو وہاں بھی پارٹی کو اپنائیت ملے گی۔ میں نے بذات خود پارٹی کے کسی عہدے کیلئے نامزدگی جمع نہیں کرائی تھی۔ پارٹی چیئرمین سمیت دیگر عہدیدار نئے اور قابل افراد منتخب ہوئے ہیں۔ ہمارے ملک کا المیہ ہے کہ یہاں کوئی لیڈر اپنی اجارہ داری کا خاتمہ نہیں چاہتا اور دہائیوں بعد بھی نئی لیڈرشپ سامنے نہیں آتی۔ میں نے اس سلسلے میں چین کے ماڈل کو فالو کیا ہے، جہاں 15،20 سال بعد قیادت خود ہی نئی لیڈرشپ کیلئے راستہ چھوڑ دیتی ہے۔ نیب عدالتوں کی تعداد میں اضافے کے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں 124 احتساب عدالتیں موجود ہیں، جن میں سے بہت سی عدالتیں ججز سے محروم ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -