احسان مانی کے انگلینڈ جاتے ہی پی سی بی کا ہیڈ کوارٹر بھی ’سونا‘ ہو گیا، حیران کن خبر آ گئی

احسان مانی کے انگلینڈ جاتے ہی پی سی بی کا ہیڈ کوارٹر بھی ’سونا‘ ہو گیا، ...
احسان مانی کے انگلینڈ جاتے ہی پی سی بی کا ہیڈ کوارٹر بھی ’سونا‘ ہو گیا، حیران کن خبر آ گئی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قذافی سٹیڈیم لاہورمیں واقع پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ہیڈ کوارٹر سونا ہو گیا، چیئرمین احسان مانی کے بعد چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) وسیم خان بھی خاموشی سے ”چھٹیاں“ منانے انگلینڈ چلے گئے، بائیو سیکیور ماحول میں ڈومیسٹک کرکٹ کے آغاز سمیت دیگر کئی اہم معاملات کودوسروں پرچھوڑ دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کی چارٹرڈ فلائٹ پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی اپنی اہلیہ کے ساتھ انگلینڈ گئے تھے اور انہیں وہاں ”چھٹیاں“ مناتے تقریباً ایک ماہ ہو چکا ہے، دوسری جانب برطانیہ سے تعلق رکھنے والے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان بھی خاموشی سے برمنگھم پہنچ گئے، دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ کئی دن قبل انگلینڈ جا چکے مگر اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔ اس دوران ان کے2 ویڈیو انٹرویوز بھی مخصوص میڈیا کو جاری کئے گئے جس سے یہ تاثر سامنے آیا جیسے وہ لاہور میں ہی فرائض انجام دے رہے ہیں، پاکستان کو ان دنوں ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے بائیو سیکیور ماحول کی تیاری سمیت اہم چیلنجز درپیش ہیں، ایسے میں دونوں بڑے آفیشلز کا ”چھٹیوں“ پر چلے جانا خاصہ حیران کن لگتا ہے۔

یاد رہے کہ دورہ برطانیہ میں پی سی بی چیئرمین کو رہائش کے ساتھ یومیہ 400 ڈالر ملتے ہیں، چیف ایگزیکٹیو کورہائش کے ساتھ 320 جبکہ بغیر رہائش 720 ڈالر دئیے جاتے ہیں، اس حوالے سے ترجمان پی سی بی نے کہا کہ احسان مانی اور وسیم خان چونکہ سالانہ چھٹیوں پر انگلینڈ گئے لیکن اس کے باوجود وہ دونوں وہاں سے ویڈیو کالز پر میٹنگز میں شریک ہوتے ہیں جبکہ وہ دورے کاکوئی الاﺅنس وغیرہ بھی کلیم نہیں کریں گے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وسیم خان پاک، انگلینڈ سیریز کے میچز دیکھنے گراﺅنڈ نہیں جائیں گے، ان کی 10 یا 11 اگست کو لاہور واپسی ہو جائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ دونوں بڑے آفیشلز کا سٹاف سے رابطہ ہے اس لئے کسی قائم مقام چیئرمین کا تقرر نہیں کیا گیا۔

مزید :

کھیل -