”ایشیاءکپ اور ٹی 20 ورلڈکپ ملتوی ہونے سے پی سی بی کو بہت نقصان ہو گا کیونکہ ۔۔۔“ مدثر نظر نے تشویشناک بات کہہ دی

”ایشیاءکپ اور ٹی 20 ورلڈکپ ملتوی ہونے سے پی سی بی کو بہت نقصان ہو گا کیونکہ ...
”ایشیاءکپ اور ٹی 20 ورلڈکپ ملتوی ہونے سے پی سی بی کو بہت نقصان ہو گا کیونکہ ۔۔۔“ مدثر نظر نے تشویشناک بات کہہ دی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کھلاڑی مدثر نذر نے موجودہ صورتحال کو پاکستان کیلئے بڑی مشکل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ اور ایشیاءکپ ملتوی ہونے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مالی طور پر بہت نقصان ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی)نے پہلے ایشیاءکپ 2020ءملتوی کرنے کا اعلان کیا تو پھر گزشتہ ہفتے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے رواں برس آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20ورلڈ کپ بھی ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا، دونوں ایونٹس کورونا وائرس کی وباءکے باعث التواءکا شکار ہو ئے جبکہ اس کے علاوہ کئی باہمی سیریز بھی موذی وباءکی وجہ سے ممکن نہیں ہو سکی ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر نے پی سی بی کیلئے موجودہ صورتحال کو بڑی مشکل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان ایونٹس کے نہ ہونے سے پی سی بی کا مالی طور پر بہت نقصان ہو گا اور اس کے اثرات ڈویلپمنٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ پر نظر آئیں گے۔ آئی سی سی اور اے سی سی کی جانب سے جو بھی فنڈز ملتے ہیں وہ ڈویلپمنٹ کیلئے ملتے ہیں اور یہ فنڈز ایونٹس کے انعقاد کے بعد ملتے ہیں اب جبکہ ایونٹس ہی نہیں ہو ں گے تو پھر فنڈز بھی یا تو ملیں گے نہیں یا کم ملیں گے۔

مدثر نذر نے کہا کہ یہ فنڈز کرکٹ بورڈز کے علاوہ ایمرجنگ ممالک کو بھی ملتے ہیں، اگر پاکستان کی بات کی جائے تو میں سمجھتا ہوں کہ فنڈز نہ ملنے سے پی سی بی کا بہت نقصان ہو گا اور اس کے پاکستان کرکٹ پر منفی اثرات پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے ایک برس تو صوبائی سطح کی کرکٹ کرا لی اور اس پر خطیر رقم بھی صرف کر دی، اب نچلی سطح پر بھی تو کرکٹ کرانا ہے وہ کیسے کرائی جائے گی، سپانسرز تو پہلے ہی نہیں ملے تھے، اب صورتحال ایسی ہے کہ سپانسرز ملیں گے بھی نہیں، اس طرح جب گورننگ باڈیز سے پیسہ نہیں ملے گا تو پھر ڈویلپمنٹ پر خرچ کہاں سے ہو گا۔

سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے مالی طور پر مسائل پیدا ہوں گے، ڈویلپمنٹ کام میں پہلے ہی تسلسل نہیں ہے اور جتنا بھی کام ہوا ہے وہ کم ہوا ہے، اب اس صورتحال میں کام مزید رک جائے گا اور نتیجتاً اس کا نقصان کرکٹ کو ہو گا۔

مزید :

کھیل -