ورچوئل سکریبل ورلڈکپ، پاکستانی ٹیم نے کمال کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ورچوئل سکریبل ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے، کورونا وائرس کے باعث آن لائن ہونے والے میگا ایونٹ میں 16ممالک کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آن لائن ورچوئل سکریبل ورلڈ کپ میں دنیا بھر سے 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور ہر ٹیم پانچ کھلاڑیوں پرمشتمل ہے۔ پاکستانی ٹیم میں وسیم کھتری، معیز اللہ بیگ، سید عماد علی، حسان ہادی خان اور صہیب ثناءاللہ شامل ہیں جنہوں نے گروپ مرحلے میں حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مشکل حریفوں نائجیریا، آسٹریلیا اورجنوبی افریقہ کومات دے کر گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔
انفرادی کارکردگی میں پاکستان کے دو پلیئرز ٹاپ 10 میں بھی شامل ہیں، سید عماد علی 11 فتوحات کے ساتھ دوسرے جبکہ حسان ہادی خان 10 میچز جیت کر پانچویں نمبر پر ہیں، کوارٹرفائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت یا انگلینڈ سے ہوگا۔