”ورلڈکپ 1999ءشاہد آفریدی کا انتخاب تباہ کن فیصلہ تھا“

”ورلڈکپ 1999ءشاہد آفریدی کا انتخاب تباہ کن فیصلہ تھا“
”ورلڈکپ 1999ءشاہد آفریدی کا انتخاب تباہ کن فیصلہ تھا“

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے ورلڈ کپ 1999ءمیں شاہد خان آفریدی کے انتخاب کو تباہ کن فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سعید انور کیساتھ اوپننگ پر بھیجنے کا فیصلہ بھی غلط تھااور محمد یوسف ان سے کہیں زیادہ بہتر آپشن تھے۔

تفصیلات کے مطابق بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے سابق پاکستانی بیٹسمین عامر سہیل نے حال ہی میں ایک بیان میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 1999ءمیں پاکستان کی ناکامی کے پیچھے موجود 2 وجوہات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ورلڈ کپ کیلئے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے انتخاب اور سعید انور کے ساتھ اوپنر بھیجے جانے کے خلاف تھا کیونکہ وہ موزوں آپشن نہیں تھے۔

عامر سہیل نے کہا کہ شاہد خان آفریدی انگلش کنڈیشنز میں بیٹنگ کا آغاز کرنے کیلئے موزوں آپشن نہیں تھے، کیونکہ وہاں کی کنڈیشنز آفریدی کے کھیل کے انداز کو سپورٹ نہیں کرتی تھیں، میں محمد یوسف کے حق میں تھا کہ وہ پاکستان کیلئے بیٹنگ کا آغاز کریں اور نئی گیند کے خطرے کو دیکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میں 1998ءمیں ٹیم کا کپتان تھا تو ہم نے سلیکٹرز کے ساتھ یہ فیصلہ کیا تھا کہ ورلڈ کپ کیلئے ہمارے پاس باقاعدہ اوپنرز ہونے چاہئیں، جو وکٹ پر ٹھہر سکتے ہوں اور نئی گیند کے ساتھ کھیل سکتے ہوں، یہ بدقسمتی تھی کہ سلیکٹرز نے آفریدی کو مشکل حالات میں بیٹنگ اوپن کرنے کیلئے منتخب کیا کیونکہ وہ ان کنڈیشنز کیلئے موزوں نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے شاہد آفریدی کو منتخب کیا گیا، جبکہ وہ زیادہ باؤنسی وکٹوں پر نہیں کھیل سکتے تھے، وہ کم باﺅنسی وکٹوں پر اچھا کھیلتے تھے، جہاں وہ باﺅلرز کی اچھی پٹائی کر سکتے ہیں اور مخالف کو دباؤمیں لا سکتے ہیں، لیکن مشکل حالات میں یہ ایک بڑا جواءتھا، آفریدی باؤلنگ کرنے کے قابل تھے نہ ہی بیٹنگ، اگر وسیم اکرم کی جگہ میں کپتان ہوتا تو میں ان کی جگہ محمد یوسف کو ترجیح دیتا۔

سابق کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ ہارنے کی دو بڑی وجوہات میں سے ایک یہ تھی کہ انہوں نے بہترین ٹیم کمبی نیشن نہیں بنایا اور دوسری فائنل میں ٹاس جیتنے کے بعد بیٹنگ کرنے کا فیصلہ تھا، حالانکہ لندن میں سارا دن بارش ہوتی رہی تھی، ایسے میں پہلے بیٹنگ کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

مزید :

کھیل -