نیب افسران بدعنوانی کے خاتمے کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں،جسٹس (ر) جاوید اقبال
اسلام آباد(این این آئی)نیب کراچی نے 11 اکتوبر 2017 سے اب تک 1008 شکایات کی تصدیق، 322 انکوائریاں اور 172 انویسٹی گیشنز مکمل کیں جبکہ متعلقہ احتساب عدالتوں میں 107 بدعنوانی کے ریفرنسز دائر کئے گئے، احتساب عدالتوں نے نیب آرڈیننس 1999 کے سیکشن 10 کے تحت 219 جبکہ نیب آرڈیننس 1999 کی شق 25 بی کے تحت 25 مجرموں کوسزا سنائی۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے پر نیب کراچی کی کارکردگی کو سراہا ہے۔نیب کراچی کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی صدارت میں نیب ہیڈکوارٹرز میں ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی دانشمندانہ قیادت میں نیب کراچی کی 11 اکتوبر 2017 سے اب تک کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین حسین اصغر، ڈی جی آپریشن ظاہر شاہ اور نیب کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی نجف قلی مرزا نے ویڈیو لنک ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب افسران بدعنوانی کے خاتمہ کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کراچی کا نیب کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ہے۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال