پی پی 38سیالکوٹ، ضمنی انتخاب کل، سکیورٹی انتظامات مکمل، کنٹرول روم قائم 

پی پی 38سیالکوٹ، ضمنی انتخاب کل، سکیورٹی انتظامات مکمل، کنٹرول روم قائم 

  

سیالکوٹ (بیورو رپورٹ)پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38میں ضمنی انتخاب (کل) بدھ 28 جولائی کو ہوگا، انتخابی عمل کو صاف، شفاف، پرامن اور قانون کے مطابق منعقد کرانے کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں،حلقے میں قائم تمام 165پولنگ سٹیشنوں پر سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ پیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پولنگ کے دن سکیورٹی کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ پاکستان رینجرز کے اہلکاران پریذائیڈنگ افسران کے ساتھ ساتھ ریٹرننگ افسر کے دفتر سے انتخابی سامان کی وصولی اورانتخابی عمل کے مکمل ہونے تک ہمراہ رہیں گے۔ حلقے میں قائم تمام 165پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔پریذائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ پولنگ کے دن اور فارم 45 کی تصویر کھنچتے وقت موبائل پر اپنی لوکیشن آن رکھیں گے مزید وہ پولنگ ایجنٹس کے سامنے فارم 45 کی تصویر لیں گے اور فورا ریٹرننگ افسر کو وائٹس ایپ پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں بھیجیں گے۔انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی صورت میں پریذائیڈنگ افسر فورا ریٹرنگ افسر کے دفتر پہنچ کر فارم 45 کی اصل کاپی ریٹرننگ افسر کے حوالے کریں گے۔ ہر امیدوار اپنے پولنگ ایجنٹس کی تربیت کو یقینی بنائے اور آگاہ کرے کہ کوئی بھی پولنگ ایجنٹ پریذائیڈنگ افسر کا دستخط شدہ فارم 45 وصول کیے بغیر پولنگ اسٹیشن نہ چھوڑے۔ ہر پریذائیڈنگ افسر متعلقہ پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 کی دستخط شدہ کاپی پولنگ اسٹیشن پر ہی مہیا کرنے کا پابند ہو گا۔کورونا وائرس کے حالیہ پھیلاؤ میں اضافے کے پیش نظر انتخابی مٹیریل پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کرتے وقت، پولنگ کے دن ووٹنگ کے عمل کے دوران ریٹرننگ افسر کے دفتر میں نتائج وصولی کے وقت سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے اور دیگر ایس او پیز پر عمل کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔تاہم اس سلسلے میں اس بات کی ہدایات بھی جاری کی گئیں ہیں کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے دوران ووٹنگ کے عمل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے اور کوئی بھی اہل ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے سے محروم نہ رہے۔ اگر کسی ووٹر کے پاس ماسک موجود نہ ہو تو الیکشن کمیشن کا عملہ اور ضلعی انتظامیہ ماسک فراہم کرے گی۔ریٹرننگ افسر کے دفتر میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو پولنگ کے عمل شروع ہونے سے ابتدائی نتائج کے مرتب ہونے تک کام کرتا رہے گا اس کنٹرول روم میں ریٹرننگ افسر کے علاوہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر، پولیس اور رینجرز کے حکام یاان کے نمائندگان موجود رہیں گے تا کہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

پی پی 38

مزید :

صفحہ آخر -