عید گزرتے ہی لیسکوسرکلزمیں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ دوبارہ شروع، صارفین بلبلا اٹھے 

  عید گزرتے ہی لیسکوسرکلزمیں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ دوبارہ شروع، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(انور کھرل) عیدالاضحی گزرتے ہی صوبائی دارالحکومت سمیت لیسکو کے دیگر سرکلز میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ دوبارہ شروع، متعدد علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش سے صارفین بلبلا اُٹھے، شہری علاقوں میں دورانیہ 6 سے 8 جبکہ دیہی علاقوں میں دورانیہ 14 سے 18 گھنٹوں تک پہنچ گیا، گھریلو صارفین سمیت زمینداروں کو شدید پریشانی کا سامنا جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی شدید متاثر، صارفین نے لوڈشیڈنگ سے نجات نہ ملنے پر سڑکوں پر آنے اور واپڈا دفاتر کے گھیراؤ کی دھمکی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ، امامیہ کالونی، کوٹ عبدالمالک، سلامت پورہ، مغل پورہ، سمن آباد، مرغزار کالونی، دھرم پورہ، تاجپورہ، سمیت کارباری مراکز شاہ عالم مارکیٹ، رنگ محل، ڈی پوائنٹ مارکیٹ، صدر بازار، باغبانپورہ بازار،، موتی بازار، کشمیر بازار، سمیت اعظم مارکیٹ،گلبرگ، شالیمار لنک روڈ میں بجلی کئی کئی گھنٹے بند رہی جس سے گھریلو صارفین سمیت کاروباری مراکز پر شہریوں کاگرمی اور حبس کے باعث براحال ہو گیا۔اس حوالے سے شہری احمد رضا، محسن محی الدین، احمد دین، دکاندار عرفان، حافظ محمد رضا، ساجد محمود، عبدالغفار، جہانگیر رحمانی، ڈاکٹر منیر احمد، شکیل احمد،گلزار رحمانی ودیگر کاکہنا ہے کہ عید کے موقع پر لیسکو کی جانب سے نان سٹاپ بجلی کی فراہمی کے اعلان کے باوجود بجلی کی آنکھ مچولی کاسلسلہ جاری رہا ہے اور عید کے دن ختم ہونے کے بعد لوڈشیڈنگ مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ چیف الیسکو سمیت دیگر ذمہ داران کو بجلی کی اس طویل بندش کا نوٹس لینا چاہیے کہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے اعلان سے صارفین کو ریلیف مل سکے۔دوسری جانب دیہی علاقوں میں 14 سے 18گھنٹے بجلی کی بندش سے صارفین کی زندگی عذاب بن کررہ گئی ہے۔جس میں ہر ایک گھنٹے بعد دو گھنٹے بجلی غائب رہنے لگی ہے جس میں شیخوپورہ اور ننکانہ سرکلز کے دیہاتی علاقے سب سے متاثر ہونے لگے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ بھاری بل ادا کرنے کے باوجود بجلی کی عدم فراہمی ظلم ہے۔لوڈشیڈنگ کے اس عذاب سے نجات نہ دلائی گئی تو مجبوراً سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریں جس میں واپڈا دفاتر کا گھیراؤ کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ اس حوالے سے ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ کسی علاقے میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی تاہم موسم کی خرابی اور بارش کے دوران سپلائی لائنوں میں فنی خرابیوں کے باعث بجلی کی عارضی طور پر بند ہوتی ہے جس سے صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم لیسکو فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں اور درپیش فنی خرابیاں دور کر کے سپلائی لائنیں دوبارہ بحال کر دی جاتی ہیں۔
بجلی کی لوڈ شیڈنگ

مزید :

صفحہ آخر -