آزاد کشمیر کے عوام نے کرپشن زدہ عناصر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی: عثمان بزدار

  آزاد کشمیر کے عوام نے کرپشن زدہ عناصر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی: عثمان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
 لاہور (جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آزاد کشمیر الیکشن میں کامیابی پر تحریک انصاف کے امیدواروں کو مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے وزیر اعظم عمران خان کی سچی اور ایماندار قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ آزاد کشمیر الیکشن میں جیت شفافیت اور دیانتداری کی فتح ہے۔ گلگت  بلتستان کے بعد آزاد کشمیر میں بھی عوام نے چوروں اور لٹیروں کی منفی سیاست کومسترد کر دیا ہے۔ مخالف جماعتوں کے ریاست مخالف بیانیے کو عبرتناک شکست ہوئی۔ آزاد کشمیر کے عوام نے کرپشن زدہ عناصر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے نتائج نے ثابت کردیا ہے کہ عوام تحریک انصاف کی قیادت اورپالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں۔ ثابت ہو گیا کہ کشمیری عوام شفاف اور عوام کی خدمت کرنے والی مخلص قیادت کے ساتھ ہیں۔ تحریک انصاف کی اب تک کی شاندار کارکردگی کی بدولت آزاد کشمیر کے عوام نے سرخرو کیاہے۔کامیابی نئے پاکستان اور تبدیلی کے ایجنڈے کی جیت ہے۔نتائج مخالف جماعتوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔انہوں نے کہا کہ مخالف جماعتوں کو شور مچانے کی بجائے جمہوری اقدار کا ثبوت دینا چاہیئے۔ جہاں جیت گئے وہ ٹھیک،جہاں ہار گئے وہاں دھاندلی، یہ روش اب نہیں چلے گی۔ آزاد کشمیر میں جمہوری روایات کا عَلم بلند ہوا ہے۔اپوزیشن کی قسمت میں صرف رونا لکھا ہے اور وہ 2023 تک روتے ہی رہیں گے۔ سردار عثمان بزدار پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ہیڈ آفس گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کنٹرول روم کے ذریعے موسم اور دریاؤں کی صورتحال کے حوالے سے معلومات کے حصول کے جدید نظام کا مشاہدہ کیا اور موسم کی پیشگی اطلاعات کے سسٹم کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پی ڈی ایم اے کے ڈیش بورڈ کا بھی جائزہ لیا اور موسم کی صورتحال کے بارے میں اپ ڈیٹ حاصل کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت پی ڈی ایم اے کے ہیڈ آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے اور امدادی سرگرمیوں کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پی ڈی ایم اے کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موسم کی صورتحال کے ساتھ دریاؤں میں پانی کی آمد و اخراج کو تسلسل کے ساتھ مانیٹر کیا جائے۔پی ڈی ایم اے میں قائم کنٹرول روم صورتحال پرنظر رکھے۔ کسی بھی نا گہانی صورتحال میں متعلقہ محکمے اورادارے اپنا ہنگامی پلان بھی تیار رکھیں۔ متعلقہ وفاقی و صوبائی محکمو ں کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن یقینی بنائی جائے اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات جلد مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بنانے کا کام شروع کیا ہے۔ سردار عثمان بزدارسے سول سیکرٹریٹ میں چیئرمین پیمرا محمدسلیم بیگ نے ملاقات کی اورپنجاب حکومت کی جانب سے  ٹی وی چینل شروع کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا- چیئرمین پیمراسلیم بیگ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پیمرا کی سالانہ رپورٹ پیش کی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پیمرا کی کارکردگی کو سراہااور کہا کہ رائے عامہ ہموارکرنے میں میڈیاکا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔جدید دور میں میڈیا کی اہمیت اورذمہ داری پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔الیکٹرانک میڈیانے بہت جلد ترقی کی منازل طے کی ہیں۔قومی تعمیر وترقی کیلئے ذمہ دار میڈیا کا کردار مسلمہ ہے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، لیگل ہیڈ پیمرا طاہر تارڑ، ریجنل جنرل مینجر پیمرا لاہور اکرم برکت اور ڈی جی پی آر پنجاب ثمن رائے بھی اس موقع پر موجودتھیں - سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت  سول سیکرٹریٹ میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کورونا کی چوتھی لہر سے نمٹنے کیلئے اقدامات اورشہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا جائزہ لیا گیا-اجلاس میں پانچ شہروں میں کورونا ویکسین لگانے کی خصوصی مہم کے بارے میں بھی وزیر اعلی عثمان بزدار کو بریفنگ دی گئی-وزیر اعلی عثمان بزدارنے کورونا ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کی50 لاکھ آبادی کو 14 اگست تک ویکسینیشن کی جائے گی اورپانچ شہروں میں خصو صی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے محکمہ صحت اور انتظامیہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں -


عثمان بزدار


لاہور(کر ائم رپو رٹر) وزیر اعلیٰ نے پنجاب ہائی سکیورٹی زون ایکٹ کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق ہائی سیکورٹی زون ایکٹ کی منظوری کے بعد اب پنجاب کابینہ اس ایکٹ کی منظوری دے گی  اس ایکٹ کے تحت مال روڈ پر جلسے جلوس پر پابندی لگائی جا سکے گی  محکمہ داخلہ پنجاب کے تمام شہروں میں مخصوص جگہ پر صرف جلسے جلوسوں کی اجازت دے گی۔پنجاب حکومت بڑے بڑے شہروں کی مرکزی شاہراہوں پر اس ایکٹ کے تحت جلسوں پر پابندی لگائے گی۔ یہ ایکٹ محکمہ داخلہ نے تیار کیا ہے۔
منظوری 

مزید :

صفحہ اول -