کشمیر الیکشن میں شکست پراپوزیشن اپنی قیادت اور سیاست پر نظر ثانی کرے: فواد

      کشمیر الیکشن میں شکست پراپوزیشن اپنی قیادت اور سیاست پر نظر ثانی کرے: ...

  

 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزراء فواد چوہدری اور علی آمین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پی پی کو مریم نواز اور بلاول بھٹو سے آزاد کشمیر الیکشن میں شکست پر استعفیٰ لے لینا چاہیے،مریم نواز کس منہ سے اتنی بڑی شکست کے بعد نائب صدر اور بلاول پارٹی چیئرمین ہیں،آصف زرداری کی برتھ ڈے پر بلاول نے تحفہ دیا کہ باقی صوبوں کی طرح کشمیر میں بھی انکا کوئی حال نہیں رہا، آئندہ عام انتخابات میں سندھ میں بھی انکا یہی حال ہوگا،یہ انکی آخری حکومت ہے،مریم نواز اور بلاول نے پوری انتخابی مہم میں گالم گلوچ اور قومی اداروں پر تنقید کے سوا  کچھ نہیں کیا، مریم نواز کو فوج کو مسلسل نشانہ بنانے کا جواب مل گیا،پاکستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام نے خاندانی سیاست کو مستردکردیا،آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات ”کھسیانی بلی کھمبا نوچے“ کے مترادف ہیں، کشمیر کی 72سالہ محرومی کا ازالہ کریں گے اور بہت جلد کشمیر کے لوگوں کو خوشخبری دیں گے، وزیر اعظم اور سپیکر کے ناموں کا اعلان عمران خان خود کرینگے۔پیر کو یہاں اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور علی امین گنڈا پور نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ فواد چوہدری نے آزاد کشمیر الیکشن میں کامیابی پر مبارک دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر انتخابات میں تاریخی کامیابی ملی جس کے اثرات دور تک جائیں گے، اتنی بڑی کامیابی میں دھاندلی ممکن نہیں ہوتی، 56فیصد سے زائد پولنگ رہی جس کا مطلب ہے لوگوں کو انتخابی عمل اور امیدوار پر اعتماد ہے، عمران خان آزاد کشمیر ہی نہیں مقبوضہ کشمیر میں بھی مقبول لیڈر ہیں، انہوں نے ہر وہ کام کیا جس سے کشمیر کی جدوجہد کو تقویت ملے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی کو چاہیے کہ وہ مریم نواز اور بلاول بھٹو سے اس شکست پر استعفیٰ لے لیں، بلکہ ان کو خود ہی استعفیٰ دے دینا چاہیے اور اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، مریم نواز کس منہ سے اتنی بڑی شکست کے بعد نائب صدر اور بلاول پارٹی چیئرمین ہیں، اب پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو چاہیے کہ نئی لیڈر شپ کو ابھرنے دیں، آصف زرداری کی برتھ ڈے پر بلاول نے تحفہ دیا کہ باقی صوبوں کی طرح کشمیر میں بھی انکا کوئی حال نہیں رہا، آئندہ عام انتخابات میں سندھ میں بھی انکا یہی حال ہوگا،یہ انکی آخری حکومت ہے،مریم نواز کو فوج کو مسلسل نشانہ بنانے کا جواب مل گیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز کے بیانیے کو کشمیر کی عوام نے مسترد کر دیا۔

فواد چوہدری

  اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ جن کی اپنی کرسیاں ووٹ چوری کی مرہون منت ہوں، انہیں استعفیٰ  مانگتے ہوئے شرم آنی چاہیے،جن کی حکومت لوٹوں کی بے ساکھیوں کے سہارے چل رہی ہو وہ اپنے گریبان میں جھانکیں،جن کے اپنے منصب ووٹ چوری کی مرہون منت ہوں انہیں استعفیٰ مانگتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔ پیر کو پاکستان مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہاکہ جن کی اپنی کرسیاں ووٹ چوری کی مرہون منت ہوں، انہیں استعفیٰ  مانگتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔جن کی حکومت لوٹوں کی بے ساکھیوں کے سہارے چل رہی ہو وہ اپنے گریبان میں جھانکیں۔انہوں نے کہاکہ استعفے وہ دیں جنہوں نے عوام کو مہنگائی کے سمندر میں ڈبو دیا، معیشت تباہ کی، عوام کو بے روزگار کیا، ملک کو مقروض کیا۔انہوں نے کہاکہ  جن کا استعفیٰ آنے والا ہے، وہ استعفیٰ مانگ رہے ہیں؟۔ مریم نواز شریف کا استعفیٰ مانگنے والے تم ہو کون؟۔استعفیٰ اب دیں گے آٹا چینی بجلی گیس دوائی ووٹ چوراستعفیٰ اب دیں گے کشمیر فرو ش الیکشن کی شفافیت کا یہ عالم ہے کہ جس وزیر کو نکالا، وزیراعظم ہیلی کاپٹر میں اسے ساتھ لے آیا،جن کے جلسوں میں کشمیری نہ آئے، ڈبے ووٹ سے بھرکر ان کو ہی جتا دیاگیا۔انہوں نے کہاکہ ووٹ چور استعفیٰ  دیں اور ایک بار ووٹ چوری کے بعد الیکشن جیت کر دکھائیں۔وزراکے جھوٹ بولنے سے پاکستان، گلگت بلتستان اور آزادجموں وکشمیر میں الیکشن چوری کی حقیقت نہیں بدلے گی۔ مسلم لیگ(ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے عطا ء اللہ تارڑ کو ہتھکڑی لگا کر اوربکتر بند گاڑی میں عدا لت میں پیش کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عطا ء اللہ تارڑ کی گرفتاری آمرانہ اور فسطائی ذہنیت کی عکاسی ہے اپنے بیان میں کہا پاکستانی جان لیں اب احتجاج کرنے پر ہتھکڑی پہنائی جائیگی قید کیا جائیگا،عطا ء اللہ تاڑر کو ہتھکڑی پہنا کر بکتر بند گاڑی میں دہشتگردوں کی طرح عدالت میں پیش کرنے پر شرم آنی چاہیے

مریم اورنگزیب

مزید :

صفحہ اول -