دھاندلی کا ثبو ت سامنے لایا جائے، ثابت ہو گیا کشمیری عمران خان کو اپنا مسیحا مانتے ہیں: فردوس عاشق

دھاندلی کا ثبو ت سامنے لایا جائے، ثابت ہو گیا کشمیری عمران خان کو اپنا مسیحا ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن میں انتشار سے جڑا، فساد سے ہم آہنگ، قومی سلامتی کو پارہ پارہ کرنے اور قوم کو گروپوں میں بانٹنے والا سیاسی چورن بیچنے والوں کا بیانیہ ناکام ہو گیا جبکہ عوام، قومی سلامتی اور دفاع سے جڑا بیانیہ جیت گیا، وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے بیانیہ کو اجاگر کر کے دہشت گردی سے جڑے مودی بیانیہ کے چہرے کو بے نقاب کیا جبکہ دوسری جانب ظل سبحانی، جعلی راجکماری اور شاہی خاندان کے درباری و حواریوں نے کشمیر کی وادیوں میں نفرت کے بیج بوئے۔ ان خیالات کا اظہار فردوس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فردوس نے کہا کہ کل کے نتائج نے ثابت کر دیا کہ عمران خان کشمیری عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور وہ انہیں اپنا مسیحا تسلیم کرتے ہیں۔ ووٹ کو عزت دو کا دعویٰ کرنے والوں نے کشمیر کے پہاڑوں پر نوٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا اور کشمیریوں کے انکار پر دھاندلی کا رونا شروع کردیا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم آزاد کشمیرن لیگ کا تھااور اس کی قیادت میں الیکشن کمیشن نے جو قوانین بنائے جس پر ہمارے تحفظات تھے۔ کیونکہ دو حلقوں سے موجودہ وزیر اعظم الیکشن لڑ رہاتھا اور تمام سرکاری وسائل کو انتخابی مہم میں استعمال کررہا تھا۔وزیراعظم آزاد جموں کشمیر جب سرکاری گاڑیوں سے خود نمائندہ کے طورپرمہم چلا رہا ہو تو دھاندلی کیسے ہوگئی۔کشمیر میں ہمارا کوئی اہلکار تعینات نہیں اورپریزائیڈنگ آفیسر سے لے کر پولنگ کا تمام سٹاف آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت کے پے رول پہ تھا تو وفاقی حکومت الیکشن کیسے چوری کر سکتی ہے۔کشمیر الیکشن میں قوم نے حساس معاملات پر زہر اگلنے والی زبان کو دیکھ لیا،محترمہ ہوش کے ناخن لیں، عوام کی رائے کو قبول کر لیں۔

فردوس عاشق

مزید :

صفحہ اول -