آزاد کشمیر انتخابات میں کامیابی وزیراعظم پر اعتماد کا مظہر ہے: محمود خان 

آزاد کشمیر انتخابات میں کامیابی وزیراعظم پر اعتماد کا مظہر ہے: محمود خان 

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے آزاد جمو ں و کشمیر کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدواروں کی شاندار کامیابی کو وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر عوامی اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا سے شروع ہونے والا پی ٹی آئی کی کامیابی کا سفر پنجاب اور گلگت  بلتستان سے ہوتا ہوا، اب کشمیر تک پہنچ چکا ہے۔ کپتان کی قیادت میں تبدیلی کا یہ سفر مزید زور و شور سے جاری رہے گا۔ آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے پیر کے روز یہاں سے جاری خصوصی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ مذکورہ انتخابات میں پی ٹی آئی کی برتری پارٹی اور پارٹی قائد عمران خان کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ پی ٹی آئی کی عوامی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، 2023کے عام انتخابات میں پورے ملک میں کپتان کی حکومت ہو گی۔ محمود خان نے آزاد کشمیر کے عوام کو تبدیلی کی نئی صبح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اب آزاد کشمیر میں بھی ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ ملک کے دیگر حصوں کی طرح کشمیر کے عوام نے بھی کرپٹ سیاسی عناصر کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عمران خان کی وژنری قیادت میں پاکستان کو ایک عظیم فلاحی اسلامی ریاست بننے سے کوئی نہیں روک سکتا، آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے نتائج نے ثابت کر دیا کہ پی ٹی آئی ہی عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے اور عوام اس کی پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی اُمیدواروں کو بھر پور کامیابی دلانے پر آزاد کشمیر کے عوام اور پارٹی کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ پی ٹی آئی عوام کی توقعات پر پورا اُترے گی اور ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کے سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔ 

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پیر کے روز صوبے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج سے متعلق ایک اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبے کے بعض علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کے مسائل کوحل کرنے سے متعلق اُمور پر تفصیلی غور وخوض کیا گیا۔ چیف پیسکو انجینئر محمد جبار خان کے علاو ہ دیگر متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو صوبہ بھر میں بجلی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی دارلحکومت پشاور میں تین نئے گرڈ سٹیشنزمکمل کئے گئے ہیں جن کو فعال کرنا ابھی باقی ہے اور انشاء اللہ بہت جلد ان کو مکمل طور پر فعال کیا جائے گا  جبکہ پیسکو کے صوبائی حکومت سے متعلق تمام معاملات بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے مزید کہاکہ پیسکو کے وفاقی حکومت سے متعلق معاملات کو وہ جلد وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اُٹھائیں گے۔وزیراعظم نے پہلے ہی صوبے میں بجلی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے فنڈز دینے کا وعدہ کیا ہے  تاکہ صوبے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کے مسائل مستقل بنیادوں پرحل ہوں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں بجلی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہرلحاظ سے یقینی بنایا جائے تاکہ صوبے کے عوام ان منصوبوں سے بلا تاخیر مستفید ہوں۔ اُنہوں نے پیسکو حکام پر واضح کیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور پیسکو دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات اُٹھائے۔ 

مزید :

صفحہ اول -