وزیر اعلیٰ پنجاب نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کو بڑی خوشخبری سنا دی

وزیر اعلیٰ پنجاب نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کو بڑی خوشخبری سنا دی
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کو بڑی خوشخبری سنا دی

  

 لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) فورس کےلئے 2 ماہ کی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی نے صوبہ بھر میں دہشت گردی کی روک تھام کیلئے ناقابل فراموش خدمات سر انجام دی ہیں،سی ٹی ڈی نے لاہور میں دہشت گردی کے واقعہ کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا اور ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایاگیا ہے، وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے سی ٹی ڈی کیلئے نئی پوسٹوں پر بھرتی ، سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر کیلئے اراضی فوری طور پر فراہم کرنے اور مزید 10 اضلاع میں سی ٹی ڈی کے دفاترکی تعمیر کیلئے اراضی دینے کا اعلان کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کاؤنٹر وائلنٹ ایکسٹریمزم بلاک اور سی ٹی ڈی ٹریننگ سکول بلاک کا افتتاح کیا اور دونوں بلاکس کا وزٹ اور مختلف حصے دیکھے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سی ٹی ڈی ہیلپ لائن(080011111) کا بھی افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سی ٹی ڈی فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اورصلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھااورسی ٹی ڈی کی جدید انداز میں مہارت اورصلاحیتوں کو سراہا۔وزیراعلیٰ کو سی ٹی ڈی کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔وزیراعلیٰ نے فائرنگ رینج میں سی ٹی ڈی کے کمانڈوز کی فائرنگ کا مظاہرہ بھی دیکھا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خود بھی پسٹل سے فائرنگ پریکٹس کی ۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب طاہر خورشید نے بھی فائرنگ پریکٹس کی ۔وزیراعلیٰ نے فائرنگ رینج میں سٹیٹ آف آرٹ سہولتوں کی تعریف کی ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہائی پروفائل کیسز حل کرنے اورملزمان کو گرفتار کرنے پر سی ٹی ڈی کے افسروں میں نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفیکٹس تقسیم کیے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نےکہا کہ ہیڈ کوارٹر تک رسائی کیلئے سڑکوں کی تعمیرترجیحی بنیادوں پر ہوگی،سی ٹی ڈی کوڈرون جی ایس ایم لوکیٹر،سنائپر رائفلز اور دیگر آلات فراہم کیے جائیں گے، سی ٹی ڈی کیلئے بم ڈسپوزل یونٹ کا قیام عمل میں لائیں گے،سی ٹی ڈی کی دیگر ضروریات کو بھی پورا کیا جائے گا، اس ادارے کے افسروں اور اہلکاروں نے امن وامان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کےلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے انسداد دہشت گردی فورس کے تربیت یافتہ جوان قومی جذبے سے کام کررہے ہیں اورہمیں ان پر فخر ہے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -