ومبلڈن اوپن ،شکست پر افسوس ہے، ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں، وینس

ومبلڈن اوپن ،شکست پر افسوس ہے، ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں، وینس

 لندن(نیٹ نیوز)وینس ولیمز کا کہنا ہے کہ ومبلڈن اوپن کے پہلے راﺅنڈ میں شکست کے باوجود حوصلے پست نہیں ہوئے، جب تک فٹ ہوں کھیلتی رہوں گی، ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔ 32 سالہ وینس ولیمز کو 5 مرتبہ ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے ان کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی اور حال ہی میں شروع ہونے والے ومبلڈن اوپن میں انہیں پہلے ہی راﺅنڈ میں روس کی غیر معروف کھلاڑی ایلینا ویسنینا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ وینس ولیمز ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں گی۔ اپنے ایک بیان میں وینس ولیمز نے کہا کہ میگا ایونٹ کے پہلے راﺅنڈ میں شکست پر افسوس ہے مگر حوصلے پست نہیں ہوئے، ہر کھلاڑی پر برا وقت آتا ہے اور مجھے امید ہے کہ بہت جلد میں کھوئی ہوئی فارم بحال کرنے میں کامیاب ہوجاﺅں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں، جب تک فٹ ہوں کھیلتی رہوں گی۔ وینس ولیمز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سخت محنت کر کے آئندہ ومبلڈن اوپن میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں گی اور ٹورنامنٹ جیتنے کی ہرممکن کوشش کریں گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی