مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی حالیہ لہر پراظہار تشویش

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی حالیہ لہر پراظہار تشویش

لندن (اے پی پی) کشمیر سینٹرلندن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر نذیر احمد شال نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی حالیہ لہر پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پروفیسر شال نے لندن میں سینٹر کی مشاورتی کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی پولیس نے مقبوضہ علاقے کے قصبے اسلام آباد سے چار لڑکوں سمیت گیارہ افراد کو جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کیا ہے ۔ انھوںنے کہاکہ کشمیریوں کی گرفتاریوں کے خلاف سڑکوں پر احتجاج اور ان کے اہل خانہ ان کی جلد رہائی کا مطالبہ کرر ہے ہیں۔ پروفیسر شال نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور بھارتی سول سوسائٹی کے اراکین سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے کشمیری نوجوانوں پر مجرمانہ حملوں کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ انھوںنے کہاکہ پولیس کے غیر اخلاقی رویہ کا سخت نوٹس لیا جانا چاہیے اور لوگوں کے بنیادی حقوق کی پامالیاں بند کی جانی چاہئیں۔ پروفیسر شال نے درگاہ دستگیر صاحب کی آتشزدگی پر بھی غم و غصہ کا اظہار کیا ہے ۔ انھوںنے کہاکہ درگاہ مسلمانوں کے عظیم ورثہ کی علامت تھی اور وہاں شیخ سّید عبدالقادرکے بہت سےتبرکات موجودتھے

مزید : عالمی منظر