جموںو کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان متنازعہ علاقہ ہے ، چین
بیجنگ(آئی این پی) چین نے اپنے اس موقف کو پھر دوہرایا ہے کہ جموںو کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک متنازعہ علاقہ ہے اور دونوں ہمسایہ ملکوں کو اس دیرینہ مسئلے کو پر امن طورپر حل کرنا چاہیے ۔چین کی وزارت دفاع کے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل سینئر کرنل جینگ ینشنگ نے ان خیالات کا اظہار بیجنگ میں بھارتی صحافیوں کے ایک گروپ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کواحتیاط کے ساتھ حل کرنا چاہیے کیونکہ اس کا منفی اثر چین کے بھارت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر پڑ سکتا ہے ۔ انھوںنے کہاکہ چین کسی قسم کی غلط فہمی سے اجتناب کیلئے حساس مسئلہ کشمیر کو احتیاط کے ساتھ دیکھ رہا ہے۔ تاہم انھوںنے کہا کہ کشمیر میں تعینات کسی بھی بھارتی فوجی افسر کو ویزا دینے سے پاک چین تعلقات میں سرد مہری پیدا ہوسکتی ہے۔اس سوال پر کہ 2010میں بھارتی فوج کے مقبوضہ کشمیرمیں تعینات جنرل آفیسر ان کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل بی ایس جسوال کو چین کا دورہ کرنے کیلئے ویزا کیوں نہیں دیا گیا تھا سینئر کرنل جینگ نے کہاکہ اس وقت مسٹر جسوال کشمیر میں شمالی کمان کے سربراہ کے طورپر تعینات تھے۔