چلڈرن کمپلیکس میں فٹبال کا تربیتی کیمپ شروع

چلڈرن کمپلیکس میں فٹبال کا تربیتی کیمپ شروع

لاہور(افضل افتخار) فٹبال کی ترقی و فروغ کے لئے اکیڈمیوں کاقیام بہت ضروری ہے جہاں پر اس کھیل سے لگاﺅ رکھنے والے بچوںکی احسن انداز میں تربیت کی جاسکے اور جس طرح ملک میں کرکٹ اور ہاکی کے کھیل میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے اور ان کے لئے کمیپس لگائے جاتے ہیں اسی طرح فٹبال کے کھیل میں بھی بہت ٹیلنٹ ہے اس حوالے سے چلڈرن کمپلیکس میں ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی گرمیوںکی چھٹیوں میں بچوں کو فٹبال کھیل کی تربیت دینے کے لئے خصوصی طو ر پر تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے اور ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی بچوں کی ایک بہت بڑی تعداد یہاں پر کھیل پر عبور حاصل کرنے کے لئے سیکھنے میں مصروف ہے اس سمر کیمپ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں مایہ ناز فٹبالر تنویر الحسن بچوں کی تربیت کے فرائض انجام دے رہے ہیں جو قومی فٹبال ٹیم کے نائب کپتان بھی رہ چکے ہیں جبکہ ان کو کھیل پر مکمل عبور حاصل ہے۔ زیر تربیت بچوں نے روز نامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے سمر کیمپ کو خوش آئند قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ اس قسم کے سمر کیمپ وقت کی ضرورت ہیں اور ان کا انعقاد باقاعدگی سے ہونا چاہئیے محمد بلال اور محمد حارث نے کہاکہ فٹبال کھیل سے بہت لگاﺅ ہے اور ہمیں یہاں پر بہت اچھی تربیت دی جارہی ہے عبداللہ اور عثمان نے کہا کہ سمر کیمپ میں ہم پر بہت توجہ دی جاتی ہے ۔ ابراہیم، انس،قاسم، ہاشم، نجیب نے کہا کہ ایسے کیمپس نہ صرف گرمیوں کی چھٹیوں میں لگائے جانے چاہئے بلکہ ان کا انعقاد مستقبل بنیادوں پر ہونا چاہیئے ۔شہزاد اور محبوب عرفان نے اس کیمپ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں یہاں پر کیمپ منعقد کیا گیا تھا جس سے بچوں کو بہت فائدہ ہوا تھا۔شہر یار اور ذکاءالدین نے کہا کہ جس طرح ہم اپنے قومی کھیل ہاکی اور کرکٹ کے فروغ کے لئے کام کررہے ہیں فٹبا ل کی ترقی کے لئے بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1