قطر کے نئے امیر کے منصب سنبھالنے پر مبارکباد

قطر کے نئے امیر کے منصب سنبھالنے پر مبارکباد

  

 غزہ(پی پی سی )اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے خلیجی ریاست قطر میں زمام حکومت سنبھالنے پرملک کے نئے امیر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو مبارک باد پیش کی ہے۔ حماس کی جانب سے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت نے قطر کے نئے امیر الشیخ تمیم بن حمد کے نام اپنا خصوصی تہنیتی مراسلہ روانہ کیا ہے جس میں انہیں زمام حکومت سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے۔

بیان میں قطر کے نئے امیر کے لیے نیک تمناﺅں کے اظہار کے ساتھ ساتھ حماس نے یہ توقع ظاہر کی ہے کہ نئے امیر محترم اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عرب اور اسلامی دنیا کے مسائل بالخصوص مسئلہ فلسطین کے حل کی مساعی جاری رکھیں گے۔حماس کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ جماعت کی پوری قیادت اپنی اور پوری فلسطینی قوم کی جانب سے قطر کے نئے امیر کو منصب سنبھالنے پرھدیہ تبریک پیش کرتی ہے۔ قطر نے امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل میں ہمیشہ جرات مندانہ اور قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔ قطر کے نئے امیر سے بھی عالم اسلام کو اسی کردار کی توقعات وابستہ ہیں۔ فلسطینی عوام بھی یہ امید رکھتے ہیں کہ شیخ تمیم اپنے والد شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نصرت فلسطین، بیت المقدس کی آزادی اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کی حمایت کریں گے۔خیال رہے کہ قطر میں دو روز پیشتر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے اپنے نوجوان فرزند شیخ تمیم بن خلیفہ کوملک کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -