لبنانی عالم دین نے صیدا میں واقع مسجد کو فوجی تربیت گاہ بنالیا

لبنانی عالم دین نے صیدا میں واقع مسجد کو فوجی تربیت گاہ بنالیا

  

               بیروت (پی پی سی )لبنان کے شعلہ بیان عالم دین شیخ احمد الاسیر نے جنوبی شہر صیدا میں واقع اپنی مسجد کو فوجی تربیت گاہ بنا لیا ¾مسجد میں ان کے حامیوں نے شیعہ ملیشیا حزب اللہ اور لبنانی فوج کے ساتھ حالیہ جھڑپوں کے بعد ہلکے ہتھیار منتقل کردیے ہیں۔لبنانی عسکری ذرائع کے مطابق فوج نے صیدا کے علاقے عبرا کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔اس علاقے میں مسلح جھڑپوں میں سترہ لبنانی فوجی اور شیخ الاسیر کے پچاس وفادار مارے گئے تھے ۔ عرب ٹی وی کے مطابق شیخ احمد الاسیر کے حامیوں نے عبرا کے علاقے میں واقع مسجد بلال بن رباح کو ہتھیاروں اور اسلحے کا ڈپو بنا رکھا تھا۔تاہم گذشتہ روز خونریز جھڑپوں کے بعد سے شیخ الاسیر کے اتا پتا کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے۔ اس علاقے میں لڑائی فوج کے کنٹرول اور عالم دین کے فرار کے بعد ختم ہوئی ہے۔فوج نے کارروائی کے بعد سنی عالم دین کے کم سے کم ایک سو دس حامیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔فوج اب عبرا اور صیدا کے دوسرے علاقوں میں شیخ اسیر کے حامیوں کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائیاں کررہی ہے۔ان میں لبنان کے سابق مشہور گلو کار فضل شاکر بھی شامل ہیں جو توبہ تائب ہونے کے بعد اب راسخ العقیدہ مسلمان بن چکے ہیں۔فضل شاکر نے حال ہی میں لبنان کے جدید ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقہور شامی عوام کو مدد کی ضرورت ہے اور صدر بشارالاسد کے خلاف برسر پیکار جیش الحر کی مالی اور اسلحی امداد کی جانی چاہیے۔صیدا میں شیخ اسیر کے حامیوں اور فوج کے درمیان جھڑپوں میں دو افسر اور ایک فوجی ہلاک ہوگیا تھا۔

مزید :

عالمی منظر -