قومی گیمز کل اسلام آباد میں شروع ہونگے

قومی گیمز کل اسلام آباد میں شروع ہونگے

  

     اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی عبوری کمیٹی کے زیراہتمام 32 ویں قومی گیمز کل جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں شروع ہونگے اور یہ گیمز 4 جولائی تک جاری رہیںگے۔ جس کے کامیاب انعقاد کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔ نیشنل گیمز کی میڈیا کمیٹی کے سیکرٹری کرنل (ر) مجاہد اللہ ترین نے بدھ کے روز اے پی پی کو بتایا کہ قومی گیمز کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں اور شرکت کے لئے ملک بھر سے ٹیموں کی آمد آج شروع ہوگی اور اسلام آباد پہنچے پر ان ٹیموں کے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 4 جولائی تک جاری رہنے والی قومی کھیلوں میں 25 مردوں اور 11خواتین کے مقابلے شامل ہیں۔ مردوں کے مقابلوں میں اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، بیس بال، باسکٹ بال، باکسنگ، سائیکلنگ، گالف، جمناسٹک، ہاکی، جوڈو، کبڈی، کراٹے، نیٹ بال، روئنگ، رگبی، سیلنگ، شوٹنگ، سنوکر، سکواش، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، ٹینس، رسہ کشی اور والی بال کے کھیل شامل ہیں جبکہ خواتین کے ایونٹس میں اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، سائیکلنگ، ہاکی، جوڈو، نیٹ بال، شوٹنگ، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس اور تائیکوانڈو کے مقابلے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلنگ کے مقابلے کراچی جبکہ والی بال اور کراٹے کے مقابلے راولپنڈی میں منعقد ہونگے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -