لاہورچیمبرکی کراچی دھماکوں کی شدید مذمت

لاہورچیمبرکی کراچی دھماکوں کی شدید مذمت

  

         لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کراچی دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق افتخار، سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر میاں ابوذر شاد نے سندھ حکومت پر زور دیا کہ وہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے کیونکہ کراچی تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے، اس کے خراب حالات کے اثرات پورے ملک پر مرتب ہورہے ہیں۔

 لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے جج کے قافلے پر حملہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی ہے ، حالات بہتر بنانے کے لیے نئی حکمت عملی وضع کرنا ہوگی کیونکہ پے درپے سانحات کی وجہ سے عالمی سطح پر ملک کی ساکھ بُری طرح متاثر ہورہی ہے۔ حکومت کو دہشت گردی کے خلاف پالیسی کا ازسر نو جائزہ لینا چاہیے کیونکہ موجودہ پالیسی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے موثر ثابت نہیں ہورہی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام کوششوں کے باوجود دہشت گرد اپنی مذموم کاروائیوں میں کامیاب ہورہے ہیں جو بہت تشویشناک ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں اور کاروباری برادری کے نمائندوں کی راﺅنڈ ٹیبل بلائے تاکہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے متفقہ لائحہ عمل طے کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین ایکشن لینا چاہیے وگرنہ ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوتا رہے گا۔

مزید :

کامرس -