حکمران نوجوانوں کو روزگار، اعلیٰ تعلیم کی سہولتیں فراہم کریں، لیاقت بلوچ
لاہور( این این آئی)جماعت اسلامی پاکستا ن کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے حکمران نوجوانوں کو باعزت روزگار ، اعلیٰ تعلیم کی سہولتیں فراہم کریں ۔ ملازمتوں کی بندر بانٹ ، ممبروں کے کوٹے اور آسامیوں کی خرید و فروخت کا سلسلہ بند کیا جائے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی مجلس شوریٰ کی امور نوجوانان کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدانوں اور کھیلوں میں سیاسی مداخلت بند کی جائے ۔ میرٹ پر ہر کھیل کے لیے کھلا ڑیوں کا انتخاب یقینی بنایا جائے تاکہ نوجوانوں میں اعتماد پیدا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نوجوانوں کے روشن اور تعمیری مستقبل کے لیے بھر پور کردار ادا کرے گی ۔پاکستانی نوجوان امت کا قیمتی اثاثہ ہیں ۔ نوجوانوں کو ہی پاکستان کے اسلامی نظریہ اور اسلامی تہذیب و ثقافت کے تحفظ کے لیے جوہری کردار ادا کرناہے ۔ شباب ملی، اسلامی جمعیت طلبہ ، جمعیت طلبہ عربیہ اور اسلامی جمعیت طالبات ملک کے نوجوانوں کی بااعتماد نمائندہ تنظیمیں ہیں۔ اجلاس سے سید وقاص جعفری ، عتیق الرحمن ، ڈاکٹر طارق سلیم ، محمود بشیر ، زبیرحفیظ ، علامہ جاوید قصوری اور ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔
لیاقت بلوچ