نانگا پربت بیس کیمپ پر حملہ کرنےوالے 15دہشت گردوں کی نشاندہی ہوگئی ہے ¾ آئی جی گلگت بلتستان
دیامر (این این آئی)آئی جی گلگت بلتستان عثمان ذکریا نے کہا ہے کہ نانگا پربت بیس کیمپ پر حملہ کرنے والے 15 دہشت گردوں کی نشاندہی ہوگئی ہے۔آئی جی گلگت بلتستان نے چیف سیکرٹری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے بتایا کہ 10 دہشت گردوں کا تعلق دیامر، 3 کا کوہستان اور 2 کا مانسہرہ سے ہے۔ دہشت گرد اب بھی دیامر میں موجود ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے فوج کی مدد سے آپریشن کیا جا رہا ہے۔ آپریشن میں ہیلی کاپٹر بھی حصہ لے رہے ہیں۔ آئی جی نے کہاکہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کوہ پیماﺅں کا سامان لینے خصوصی ٹیم نانگاپربت بیس کیمپ روانہ ہوگئی ہے۔نانگاپربت بیس کیمپ فائرنگ میں10غیرملکی کوہ پیماوں سمیت 11افرادکے قتل کے بعد چوتھے روز بھی سرچ آپریشن جاری رہا علاقے کی وہاں قائم آرمی کیمپ کی مدد سے فضائی نگرانی کی گئی جبکہ شاہراہ قراقرم پر تلاشی بھی سخت کردی گئی ہے۔گذشتہ روز چلاس ہیڈ کوارٹرریسٹ ہاﺅس میں گرینڈجرگہ میں مقامی عمائدین اور گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے ارکان پر مشتمل دس رکنی کمیٹی قائم کی گئی تھی۔ جو واقعے کی تحقیقات کیلئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے نانگا پربت کے قریبی دیہات پہنچ گئی ہے دوسری طرف ڈپٹی کمشنر دیامر اجمل بھٹی نے کہاکہ غیرملکی کوہ پیماﺅں کا سامان بیس کیمپ سے لانے کے لئے پاک فوج ،ضلعی انتظامیہ اورپولیس ٹیم نانگاپربت روانہ ہوگئی ہے۔ سامان بیس کیمپ سے تھانہ گونرفارم پہنچایاجائیگاجس کے بعد اسے ورثا تک پہنچانے کے انتظامات کیے جائیں گے۔