بجلی کی قیمتوں میں کمی خوش آئند،حالیہ اضافہ بھی واپس لیا جائے،ظہیر بھٹہ

بجلی کی قیمتوں میں کمی خوش آئند،حالیہ اضافہ بھی واپس لیا جائے،ظہیر بھٹہ

  

لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ظہیر بھٹہ نے نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں مارچ کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2.08روپے کمی کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا کہ اس کمی کے ساتھ ساتھ بجلی کی قیمتوں میں حالیہ فی یونٹ کیا گیا اضافہ بھی واپس لیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خالد افضل شیخ سینئر وائس چیئرمین ،نعمان حسین وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ظہیر بھٹہ نے کہا کہ صنعتی مقاصد کیلئے بجلی کی قیمتوں میں اضافوں سے صنعتکار اور عوام پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ مہنگی بجلی کے باعث مہنگی پیداوار اور مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی ہر ماہ کی بجائے مستقل بنیادوں پر کی جائے ۔

نہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو ریلیف اورمہنگائی کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔ بجلی سستی ہونے کے باعث پیداواری لاگت میں کمی واقع ہوگی اور اس کمی کا ریلیف عوام تک بھی منتقل ہوگا اور انہیں سستی اشیاء فراہم ہونگی۔اس موقع پرسینئر وائس چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریزخالد افضل شیخ نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمہ اور سستی بجلی کے حصول کیلئے کالا باغ ڈیم تعمیر کیا جائے انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے 3600میگا واٹ سستی بجلی کے علاوہ دریاؤں میں سارا سال زرعی ضروریات کے لیے وافر پانی بھی دستیاب رہے گا زراعت ترقی کرے گی تو صنعتوں کو وافر خام مال دستیاب ہوگا۔

مزید :

کامرس -