ٹیوٹا صوبہ بھر کی جیلوں میں 25 ہزار قیدیوں کو فنی تربیت فراہم کرے گی‘ عرفان قیصر شیخ

ٹیوٹا صوبہ بھر کی جیلوں میں 25 ہزار قیدیوں کو فنی تربیت فراہم کرے گی‘ عرفان ...

  

لاہور (کامرس رپورٹر)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل اتھارٹی (ٹیوٹا) صوبہ بھر کی جیلوں میں 25 ہزار قیدیوں کو فنی تربیت فراہم کرے گی۔ان قیدیوں کو انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق15 ووکیشنل شارٹ کورسز میں ما ہر افرادی قوت بنا یا جائے گا۔پہلے مرحلے میں 6400قیدیوں کو 13مختلف جیلوں میں ٹریننگ دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر ،چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی، ڈی آئی جی جیل خانہ نو ید روف، جنرل منیجرزحامد غنی انجم، اظہر اقبال شاد، عبدالقیوم اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ جیلوں میں قید مرد، خواتین اورنوجوانوں کوجد ید کورسز میں ٹریننگ دی جائے گی۔ ان کورسز میں ہوم اپلائنسز رپئیر، الیکٹریشن، کا ر پینٹر، بیوٹیشن، گھریلو سلائی،ویلڈر، پلمبر، موٹر سائیکل مکینک، ٹریکٹر مکینک، مشین ایمبرائیڈری، کمپیوٹر اپلیکیشنز، موٹروائنڈگ،فیشن ڈیزائننگ، ہینڈ ایمبرائیڈری اور انڈسٹریل سٹچنگ شامل ہیں۔ قیدیوں کو فنی تربیت فراہم کرنے کا مقصدان کومعاشرے کامفید شہری بنانا ہے۔ اس تربیتی پروگرام کا انعقاد وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق کیا جا رہا ہے۔ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے قیدیوں کو مختصر دورانیہ میں فنی ماہر بنانے کیلئے چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ کے ساتھ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں محکمے جلد مفاہمتی یادداشت کے سمجھوتے پر دستخط کرینگے تاکہ ان کورسز کو شروع کرنے کیلئے تمام طریق کار کو طے کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات ٹیوٹا کی معاونت سے جیلوں میں فنی تربیت فراہم کرنے کیلئے متعلقہ لیبز کا قیام، مشینری و آلات کی تنصیب کا انتظام بھی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ فنی تربیت یافتہ قیدی اپنی سزا ختم ہونے کے بعداپنا کاروبار شروع کرکے اپنے اہل خانہ کی معاشی کفالت کر سکیں گے۔

مزید :

کامرس -