نیڈا نے افغان مہاجرین کو مختلف کورسز مکمل کروا دئیے
لاہور(کامرس رپورٹر) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ڈیزائن اینڈ انیلیسس (نیڈا) نے افغان مہاجرین کو عمارتی رنگ و روغن، سولر پینلز، یو پی ایس انسٹالیشن اور ایڈوانس ٹیلرنگ کے کورسز مکمل کروا دئیے۔ ٹیکنالوجی اپگریڈیشن اینڈ سکل ڈویلپمنٹ کمپنی (ٹسڈک) کے ذیلی ادارے نیڈا کے پشاور مرکز کو تین ماہ کے ان کورسز کے لئے پاپولیشن رفیوجی اینڈ مائگریشن (پی آر ایم) کا تعاون حاصل تھا۔ پی آر ایم کے بنیادی تعلیمی پروگرام برائے افغان مہاجرین کے تحت کل 55 نوجوانوں کو مذکورہ شعبوں میں تربیت فراہم کی گئی ہے۔ پسماندہ مہاجر بستیوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم اہنگ تربیت فراہم کی گئی ہے، تاکہ انہیں روزگار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔ خیبر پختونخواہ ٹیکنیکل ٹریننگ بورڈ کی جانب سے ان نوجوان کو کامیاب تربیت پر سرٹیفکیٹس دئیے گئے ہیں۔ ان نوجوانوں کو بہتر روزگار دلوانے کے لئے نیڈا نے صنعتی شعبے کے ساتھ بھی مستحکم تعلقات استوار کئے ہیں۔ ترجمان نیڈا کے مطابق سولر اور یو پی ایس کی تربیت حاصل کرنے والے 13 نوجوانوں نے شمشاٹو مہاجر کیمپ اپنا چھوٹا کاروبار شروع کیا ہے، جو اب تک 3000 وی اے کا شمسی توانائی سسٹم نصب کر چکے ہیں۔
اسی طرح عمارتی رنگ و روغن کی تربیت حاصل کرنے والے 60 فیصد نوجوانوں نے چھوٹے پیمانے پر رنگ و روغن کا اپنا کاروبار شروع کر دیا ہے۔