فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا کو انڈسٹریل فیڈر دیا جائے ‘ لاہور چیمبر

فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا کو انڈسٹریل فیڈر دیا جائے ‘ لاہور چیمبر

  

لاہور( کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مطالبہ کیا ہے کہ فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا کو انڈسٹریل فیڈر دیا جائے کیونکہ وہاں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صنعتی پیداوار بہت بْری طرح متاثر ہورہی ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن (فرایا) کے چیئرمین مبشر بٹ اور پیٹرن چیف عدنان بٹ کی سربراہی میں آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا میں پانچ سو سے زائد صنعتی یونٹس واقع ہیں جن کی زیادہ تر پیداوار برآمد ہوتی ہے، لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صنعتی پیداوار بہت بْری طرح متاثر ہورہی ہے جس کی وجہ سے برآمدات پر بہت منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت شام کے اوقات میں ایک فیز بند کردیا جاتا ہے جس سے صنعتی پہیہ رک جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس اہم صنعتی علاقے کو انڈسٹریل فیڈر دیکر یہ مسئلہ حل کیا جاسکتا ہے۔ سید محمود غزنوی نے مزید کہا کہ حکومت کو گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس پر نظر ثانی کرنی چاہیے کیونکہ اس کی وجہ سے صنعتی شعبہ بْری طرح متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سیس کے نفاذ سے مجموعی طور پر گیس کی قیمت میں تقریبا اکتیس فیصد اضافہ ہوگیا ہے جس سے صنعتوں کی پیداواری لاگت مزید بڑھ گئی ہے اور پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں مقابلے کی دوڑ سے باہر ہوجائیں گی۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ صنعتی شعبے کو پہلے ہی مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور اس فیصلے سے صنعتی شعبے کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ سیلز ٹیکس آڈٹ کے نام پر چھاپے مارنے کا سلسلہ بھی روکے اور فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا میں ٹریفک اور انفراسٹرکچر کے مسائل بھی حل کرے۔

مزید :

کامرس -