منگلا ڈیم میں خطرناک دراڑیں
ایک اخباری اطلاع کے مطابق وزیراعظم آزاد جموں کشمیر چودھری عبدالمجید نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو خط لکھا ہے جس میں ان کی توجہ اس جانب دلائی گئی ہے کہ منگلا ڈیم میں خطرناک دراڑیں پڑ گئی ہیں لیکن اس کی مرمت کی جانب توجہ نہیں دی جا رہی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ان دراڑوں کی وجہ سے ہولناک حادثے کے خطرات موجود ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم کو بھی اطلاع دی تھی لیکن اس پر توجہ نہیں دی گئی، منگلا ڈیم پاکستان کے لئے قومی اہمیت کا منصوبہ ہے جہاں سے بہت سی نہریں نکالی گئی ہیں، جن کے ذریعے وسیع اراضی کی آبپاشی ہوتی ہے، پانی کے علاوہ اس منصوبے سے بجلی بھی حاصل ہوتی ہے، پاکستان میں دو ہی بڑے ڈیم ہیں جہاں سے بیک وقت پانی اور بجلی حاصل ہوتی ہے، دوسرا ڈیم تربیلا ہے، اگر وزیراعظم آزاد کشمیر نے خط لکھنے سے پہلے ڈیم میں دراڑوں کی اچھی طرح تصدیق کرلی ہے تو یہ اطلاع تشویش ناک ہے، کسی بڑے حادثے سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ فوری طور پر ماہرین اس کا جائزہ لیں اور اگر یہ مرمت طلب ہے تو فوری طور پر مرمت کا کام بھی شروع کر دینا چاہئے تاکہ دراڑوں کا سلسلہ وسیع ہوکر کسی بڑے حادثے کا باعث نہ بن جائے۔