وہاب ریاض انجری کے باعث ٹیسٹ سیریز سے باہر ، راحت شامل

وہاب ریاض انجری کے باعث ٹیسٹ سیریز سے باہر ، راحت شامل

  

 کولمبو (آئی این پی)پاکستان کے فاسٹ بولر وہاب ریاض بائیں ہاتھ میں چوٹ کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔بائیں ہاتھ سے ہی بولنگ کرنے والے وہاب ریاض کے ہاتھ پر جمعرات کو بلے بازی کے دوران سری لنکن فاسٹ بولر دشمانتھا چمیرا کی گیند لگی تھی۔ جس کی وجہ سے ان کے ہاتھ میں ہیئر لائن فریکچر ہوگیا اور وہ آج میدان میں بھی نہیں آسکے۔ تیس سالہ وہاب میچ کے پہلے دن سری لنکن اننگز کے آغاز پر بولنگ کرنے آئے تھے اور انھوں نے نو اوورز بھی کیے لیکن اس دوران وہ تکلیف کے باعث بولنگ جاری نہ رکھ سکے۔ قومی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ کا کہنا ہے کہ کھیل کے اختتام پر جب ان کے ہاتھ کا ایکسرے کروایا گیا تو اس میں فریکچر کا انکشاف ہوا۔نوید چیمہ کے مطابق ڈاکٹروں نے وہاب ریاض کو صحتیاب ہونے کیلئے دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ جس کی وجہ سے وہ تین جولائی سے پالی کیلے میں شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہونگے۔ وہاب ریاض کی سری لنکا کے خلاف گیارہ جولائی سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں بھی شرکت کا فیصلہ غیر یقینی ہوگیا ہے۔ پی سی بی نے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کی انجری کے باعث ان کی جگہ راحت علی کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جمعہ کو پی سی بی ذرائع کے مطابق وہاب ریاض کی جگہ راحت علی کو سری لنکا بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، راحت علی تیسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے، واضح رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 138 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی جس میں وہاب ریاض صرف 4 رنز ہی بنا سکے تھے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -