22رمضان کو یوم القدس بھرپور طریقے سے منائیں گے،علامہ احمد اقبال رضوی

22رمضان کو یوم القدس بھرپور طریقے سے منائیں گے،علامہ احمد اقبال رضوی

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) علامہ احمد اقبال رضوی نے لاہور آئی ایس او کے کارکنا ن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ مبارک تہذیب نفس اور عبادت کا مہینہ ہے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ماہ مقدس میں ہماری توجہ بدن کی طرف زیادہ ہوتی ہے، روح کی جانب ہم متوجہ نہیں ہوتے ہمیں زیادہ سے زیادہ عبادت، نوافل، قرآن مجید کی تلاوت، دعائیں جو وارد ہوئی ہیں، ان کی جانب متوجہ ہونا چاہئے۔ روایات میں ہے کہ جو شخص اس مہینے میں بخشا نہ جائے وہ پھر کبھی بخشا نہیں جائے گا یہ مہینہ بخشش کا مہینہ ہے۔ اللہ تعالی ہم سب کو اس مہینے سے استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ امسال بھی 22 رمضان المبارک کو یوم القدس دنیا بھر میں منا یا جائے گا یوم القدس مسلمانوں کی بیداری کا دن ہے جس میں پوری دنیا کے اقوام مل کر قبلہ اول، فلسطین کی آزادی کے لئے کوشش کرنے کا عہد کرتے ہیں۔ امام خمینی نے یوم القدس کے حوالے سے جو کارنامہ سرانجام دیا ہے، وہ یہی تھا کہ جب ساری دنیا بیت المقدس کے مسئلہ کو بھول چکی تھی امام خمینی نے جمع الوداع کو یوم القدس قرار دیکر ایک ایسا کارنامہ سر انجام دیا کہ اب تاقیامت فلسطین کے قضیئے کو مسلمان نہیں بھلائیں گے۔

بیت المقدس کی بازیابی کے مسئلہ کے اوپر ہاتھ پر ہاتھ دھر کے نہیں بیٹھیں گے۔ یوم القدس کے اجتماعات میں بھرپور طریقے سے شرکت کرنی چاہیے۔ ہر مسلمان پر واجب ہے کہ وہ دوسرے مسلمان کی حمایت کرے ،مدد کرے۔ لہذا یوم القدس ہم سب پر واجب ہے۔یوم القدس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ یہ ایک اجتماعی سیاسی فریضہ ہے، جو ہم سب کو ادا کرنا ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -