افغان حکمران بھارتی زبان بولنا بند کریں،پیر اعجاز ہاشمی

افغان حکمران بھارتی زبان بولنا بند کریں،پیر اعجاز ہاشمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( پ ر) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے افغانستان پارلیمنٹ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغان خفیہ ایجنسی کی آئی ایس آئی پر الزام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکمران بھارتی زبان بولنا بند کریں۔ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے ساتھ بھلائی کی مگر ہندوستانی ایجنسی را کے زیر اثر ہونے کی وجہ سے ڈیورنڈ لائن کے دوسری طرف سے کبھی ٹھنڈی ہواکا جھونکا نہیں آیا۔ جو کہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔




ایک بیان میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ لاکھوں افغانیوں کو پاکستان نے پناہ دی ہوئی ہے مگر موجودہ اورسابقہ افغان حکومتو ں کا رویہ پاکستان کے ساتھ معاندانہ ہی رہا ہے۔ جو قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے لئے بھی لمحہ فکریہ اورخارجہ پالیسی کی ناکامی ہے کہ اسلامی ممالک بنگلہ دیش اور افغانستان ہندوستانی زبان بول رہے ہیں اور ایران کے بھارت کے ساتھ تعلقات گہرے کیوں ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ہمیں اپنی خارجہ پالیسی ہر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے کہ آرمی پبلک سکول کے معصوم بچوں کو شہید کرنے والے دہشت گرد افغانستان سے آئے ، وزیر اعظم نواز شریف اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی دورے کئے مگر پھر بھی الزام پاکستان پر آرہا ہے کہ دہشت گردی ہم کرواتے ہیں۔ اس سے واضح ہے کہ افغان حکمران بھارتی زبان میں بات کررہے ہیں۔ ان کی زبان بندی ہونی چاہیے ۔