پولیو کے قطروں میں کوئی حرام چیز شامل نہیں ہے،غلام قطب الدین فریدی

پولیو کے قطروں میں کوئی حرام چیز شامل نہیں ہے،غلام قطب الدین فریدی

  

لاہور(خبر نگار خصوصی)نیشنل مشائخ کونسل پاکستان کے صدر پیر خواجہ غلام قطب الدین فریدی سجادہ نشین خواجہ محمد یار فریدی نے کہا ہے کہ پولیو مہم نئی نسل کو اپاہج بنا دینے والی بیماری سے محفوظ بنانے کا جہاد ہے پولیو کے قطروں میں کوئی حرام چیز شامل نہیں ہے اور نہ ہی پولیو کے قطرے کسی بھی لحاظ سے مضر صحت ہیں اس لئے پولیو مہم کی بلاجواز مخالفت کرنے والے گمراہ اور انسانیت دشمن ہیں۔خواتین پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ملک حالت جنگ میں ہے طلاق دینا اگرچہ مباح ہے لیکن حضور ﷺ نے فرمایا کہ ’’حلال چیزوں میں اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے ناپسند یدہ طلاق ہے ‘‘ایک ہی مجلس میں اکٹھی تین طلاقیں دینا خلاف سنت ہے۔ اِس فعل کی روک تھام کے لئے قانون سازی کی ضرورت ہے تاکہ سینکڑوں گھروں کو اجڑنے سے بچایا جا سکے ۔ عورتوں پر تیزاب پھینکنے والے سخت گناہ کے مرتکب ہوتے ہیں ایساکرنے والوں کو عبرت کا نشان بنا یا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وٹہ سٹہ کے نکاح سے اگر ایک طرف سے جھگڑا یا طلاق ہوتو دوسری طرف سے بھی اسی طرح کا ردعمل ہوتا ہے اوربے شمار ہنستے بستے گھرانے اجڑ جاتے ہیں ۔قتل یادوسرے جرائم کے جرمانے کے طورپر ایک یا ایک سے زائد لڑکیوں کا رشتہ طے کرنا ظلم اور جبر کی بدترین مثال ہے۔ ہم مستونگ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر پڑوسی ممالک کی تقلید میں بڑھتی فحاشی و عریانی ہمارے معاشرہ کی تباہی کا سبب ہے۔ الیکٹرانک میڈیا آنے والے رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے اوقات میں عبادات اور نماز سے روکنے والے پروگرامز کو بند کیا جائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -