جنرل ہسپتال آؤٹ ڈور میں ڈینگی کاؤنٹر قائم کر دیے گئے،پروفیسر اسرار احمد
لاہور(خبر نگار خصوصی)قائم مقام پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر اسرار احمد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں عوام کی آسانی و سہولت کیلئے لاہور جنرل ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں بھی ڈینگی کاؤنٹرز قائم کردیئے گئے ہیں جہاں طبی عملہ الرٹ رہے گا جبکہ ڈیوٹی پر موجود اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس ڈینگی کے مریضوں کو تمام طبی و تشخیصی سہولیات کی بلاتاخیر مفت فراہمی اور مکمل نگہداشت کے پابند ہوں گے۔ پروفیسر اسرار احمد گذشتہ روز جنرل ہسپتال میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ انہوں نے انتظامی ڈاکٹرز اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ وہ تینوں شفٹوں میں اپنے اپنے ماتحت عملے کی حاضری یقینی بنائیں اور تاخیر سے آنے یا جلدی جانے والے سٹاف کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ایم ایس کو بھجوائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نرسیں مریضوں کے چارٹ مکمل رکھیں اور سینٹری انسپکٹرز ہسپتال میں صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ علاج میں تشخیص کا عمل سب سے اہم ہوتا ہے لہذا لیبارٹری کا عملہ تشخیصی رپورٹ جاری کرتے وقت پوری احتیاط سے کام لے۔ انہوں نے چیف فارماسسٹ کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی سمیت تمام امراض کی ادویات کا وافر سٹاک رکھیں۔ پروفیسر اسرار احمد نے طب سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ ڈینگی کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے عوام میں حفظان صحت کے اصولوں اور صفائی ستھرائی کا شعور اجاگر کرنے کا سلسلہ بدستور جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر ڈینگی کے مرض میں مبتلا افراد کے علاج معالجے کیلئے پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ کے تمام وسائل نچھاور کئے جارہے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر اسرار احمد نے کہاکہ پی جی ایم آئی ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت صوبے کے مختلف ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کو ڈینگی کے علاج معالجے کی خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے جنرل ہسپتال میں ڈینگی کے حوالے سے سیمینارز اور تربیتی ورکشاپس بھی باقاعدگی سے کرائے جارہے ہیں۔ انہوں نے سیاسی و سماجی تنظیموں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ عوام میں ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے حفظان صحت کے اصولوں کی آگاہی کا سلسلہ تیز کردیں۔