حکومت کا یونیورسٹی ہاؤسنگ سوسائٹی میں اورنج ٹرین کا ڈپو نہ بنانے کا اعلان
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)حکومت پنجاب نے پنجاب یونیورسٹی ہاؤسنگ سوسائٹی ٹاؤن Iمیں میٹرو اورنج ٹرین کا ڈپو نہ بنانے کا باقاعدہ اعلان کر دیاہے ۔اب یہ ڈپو اساتذہ کی سوسائٹی سے 0.7کلومیٹر کے فاصلے پر متبادل جگہ پر بنایا جائے گا۔ یونیورسٹی ٹاؤن IIکا NOCآئندہ ہفتے جاری کر دیا جائے گااور ٹاؤن IIIکے لئے تجاویز طلب کر لی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایت پر چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی اوروائس چیئرمین لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نائب چیئرمین خواجہ حسان احمد نے یہ اعلان پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن کے جنرل باڈی اجلاس میں کیااس موقع پر پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران ، صدر آسا پروفیسر ڈاکٹر حسن مبین عالم، سیکرٹری ڈاکٹر محبوب حسین، چیئرمین ہاؤسنگ سوسائٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال اور سینکڑوں اساتذہ و ملازمین نیو کیمپس الرازی ہال میں موجود تھے۔ خواجہ احمد حسان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واضح ہدایت جاری کی تھیں کہ یونیورسٹی اساتذہ کو اعتماد میں لئے بغیر منصوبہ پر کام نہ کیا جائے ۔ا نہوں نے کہا کہ وہ پہلے دن سے ہی اس بات پر قائم تھے کہ یونیورسٹی سوسائٹی ایک باقاعدہ ڈویلپڈسوسائٹی ہے جہاں بہت سے اساتذہ رہائش پذیر ہیں تاہم متبادل جگہ پر ڈپو بنانے کیلئے مشاورت پرچائنیز انجینئرز کو اعتماد میں لینا ضروری تھا۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور خواجہ حسان کو کہا کہ وہ یونیورسٹی انتظامیہ ، آسا، اساتذہ و ملازمین کا اظہار تشکر وزیر اعلیٰ تک پہنچا دیں۔ ڈاکٹر حسن مبین عالم اور ڈاکٹر محبوب حسین اور آسا کے دیگر عہدیداران نے خواجہ احمد حسان ، ڈاکٹر مجاہد کامران ، یونیورسٹی کے تمام اساتذہ اور ملازمین کا شکریہ ادا کیا۔ جنرل باڈی میں موجود سینکڑوں اساتذہ نے آسا قیادت کو اس کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔