کویت ، مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خوکش حملہ ، 25نمازی شہید ، 200سے زائد زخمی

کویت ، مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خوکش حملہ ، 25نمازی شہید ، 200سے زائد زخمی

  

 کویت سٹی/ اسلام آباد (آئی این پی، آ ن لائن ، اے این این، ما نیٹر نگ ڈیسک)کویت میں مسجد امام الصادق میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے میں 25نمازی شہید اور200 سے زائد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں بعض افراد کی حالت تشویشنا ک ہے ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے، داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی،پاکستان نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کویت شہر کے علاقے الصوابر میں اہل تشیع کی مسجد امام الصادق میں جمعہ کی نماز ادا کی جارہی تھی کہ اس دوران زوردار دھماکہ ہوگیا ۔وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ خودکش حملے میں 25 نمازی شہید اور200سے زائد زخمی ہوگئے ۔ ایک عینی شاہد نے بتایا ہے کہ مسجد میں نمازجمعہ کی دوسری رکعت کے وقت بمبار اندر داخل ہوا اور اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا ۔ دھماکے کے نتیجے میں بعض افراد کے چیتھڑے اڑ گئے ۔دھماکہ اتنا شدید تھاکہ مسجد کو شدید نقصان پہنچااور ہر طرف ملبے کے ڈھیر لگ گئے جس کے نیچے لاشیں بھی دب گئیں ۔دھماکے کے وقت مسجد میں 2 ہزار کے قریب افرا دموجود تھے ۔زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔بم دھماکے کی اطلاع ملتے ہی کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح نے مسجد امام الصادق کا دورہ کیا ہے۔داعش نے دہشت گردی کے اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بیان پوسٹ کیا ہے جس میں خودکش بمبار کی شناخت ابو سلیمان المواحد کے نام سے کی گئی ہے۔داعش نے اس سے پہلے گذشتہ ہفتوں کے دوران سعودی عرب میں اہل تشیع کی دو مختلف مساجد میں نماز جمعہ کے دوران ہی خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔تاہم کویت میں شیعہ مسلک کی کسی مسجد پر داعش کا یہ پہلا بم حملہ ہے۔کویت کی کل ملکی آبادی تیرہ لاکھ نفوس پر مشتمل ہے اور اس میں ایک تہائی اہل تشیع ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے ۔

مزید :

صفحہ اول -