ریلوے لائن بھی اورنج لائن ٹرین منصوبے کی زد میں آگئی

ریلوے لائن بھی اورنج لائن ٹرین منصوبے کی زد میں آگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(وقائع نگار ) صو بائی دارلحکو مت میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کو پایہ تکمل تک پہنچانے کیلئے پنجاب حکو مت نے پاکستان ریلوے کی اراضی بھی مانگ لی ہے اور اس ضمن میں ریلوے سٹیشن کے قریب اورنج لائن میٹر ٹرین کے لیے سٹیشن بھی بنایا جائے گا جبکہ واضح رہے کہ منصوبے کے لیے پنجاب حکومت نے ریلوے ماہرین اور انجینئرز کی خدمات حاصل نہیں کیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کے اورنج میٹرو ٹرین منصوبے کے لیے پاکستان ریلوے کی اراضی مانگ لی گئی ہے۔ اس سلسلے میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کا نقشہ جس میں ریلوے کی اراضی استعمال کی جائے گی ریلوے انتظامیہ کو بھیج دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریلوے سٹیشن اور اسکے گردو نواح کی اراضی اس منصوبے کے لیے ریلوے سے لی جائے گی۔ خاص طور پر منصوبے کے تحت لاہور ریلوے سٹیشن کے بالکل قریب ہی اورنج لائن میٹرو ٹرین کے لیے بھی ریلوے سٹیشن بنایا جائے گا۔ ریلوے کی طرف سے پنجاب حکومت اس کے منصوبے کے لیے اراضی دینے کے لیے ورکنگ شروع کر دی گئی ہے جبکہ منصوبے کی زد میں ریلوے کے کئی سرکاری بنگلے اور کوارٹرز بھی آسکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق ادھر چینی کمپنی نور نکو نے اورنج لائن میٹرٹرین منصوبے پر کام شرو ع کر دیا ہے۔ ٹرین کے روٹ کا ٹیکنیکل سروے بھی شروع ہوگیا ہے جس کا جائزہ لینے کے لیے چائنہ ریلوے اور چائنہ نارتھ انڈسٹریز کار پوریشن کا وفدعیدالفطر کے بعد لاہور آئے گا۔ منصوبے کو دو سال اور تین ماہ میں مکمل کرنے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے اگر یہ منصوبہ بروقت مکمل کیا گیا تو اس پر لاگت کا تخمینہ 165ارب روپے لگایا گیا ہے۔ منصوبے کے لیے چینی بینک سے قرضہ لیا جائے گا۔ میٹر و ٹرین ٹریک روٹ 27کلو میٹر پر محیط ہوگا۔ مجموعی طور پر اس منصوبے کے لیے 27ریلوے سٹیشن تعمیر کئے جائیں گے جبکہ 25سے زائد اوور ہیڈ برج تعمیر کئے جائیں گے۔میٹرو ٹرین پر روزانہ اڑھائی لاکھ مسافر سفر کرسکیں گے۔ یہ ٹرین رائیونڈ سے ٹھوکر نیا ز بیگ، کینال ویو، ہنجروال ، وحدت روڈ، اعوان ٹاؤن ، شاہ نور ، سبزہ زار ، بند روڈ، سمن آباد، گلشن راوی ، چوبرجی ، لکشمی چوک، جی پی او، سلطان پورہ ،گڑھی شاہو، باغبانپورہ، شالامار باغ، پاکستان منٹ ، محمود بوٹی، سلامت پورہ ، اسلام پارک اور ڈیرہ گھراں قائداعظم انٹرچینج تک چلے گی ۔ واضح رہے کہ اورنج لائن ٹر ین منصو بے میں میکلو ڈ روڈ اور لکشمی چوک کے تاجروں اور مکینوں نے حکو مت کو باآور کروایا ہے کہ اورنج لائن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تعمیر ات کو نقصان پہنچائے بغیر منصو بے کو مکمل کیا جائے جس سے تاجروں اور مکینوں کے تحفظات بھی دور ہو جائیں گے اور حکو مت اپنے اقدام کو پایہ تکمیل تک بھی پہنچا سکے گی ۔میکلو ڈ روڈ کے متاثرین تاجروں و مکینوں مظفر علی قر یشی ، عادل شاہ ،چوہدری محمد صدیق ، امجد مغل ، امتیاز مغل ، عمران علی ، عرفان ، وسیم بٹ ، صائم بٹ اور ندیم نے کہا کہ بیوروکریسی اورنج لائن کی آڑ میں سینکڑوں تاجروں کا معاشی قتل کرنا چاہ رہی ہے جس کی بھر پور مذمت کر تے ہیں انھوں نے کہا کہ حکو مت کے اس اقدام کو اپنی جانیں دینے کے بعد پورا ہو نے دیں گے یہاں پر کمر شل دکانوں کے اوپر رہائشیں بنی ہو ئی ہیں جہاں پر دو سے تین فیملیز رہتی ہیں جن سے چھت چھیننا ظلم کے مترادف ہے ۔