ایم کیو ایم کو بھارتی فنڈنگ ، وزارت خارجہ نے برطانوی حکومت کو معلومات فراہم کرنے کیلئے خط لکھ دیا

ایم کیو ایم کو بھارتی فنڈنگ ، وزارت خارجہ نے برطانوی حکومت کو معلومات فراہم ...

  

 اسلام آباد(آئی این پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی منظوری سے وزارت خارجہ نے برطانوی حکومت کو خط لکھ دیا ہے جس میں برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی طرف سے ایم کیو ایم کو بھارتی فنڈنگ ملنے کے انکشاف کے بعد برطانوی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ حقائق کی تہہ تک پہنچنے کیلئے حکومت پاکستان کی مدد اور تمام مطلوبہ معلومات فراہم کی جائیں۔ ترجمان وزارت داخلہ نے نے ’’آئی این پی‘‘ کے رابطہ کرنے پر تصدیق کی کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی منظوری سے وزارت خارجہ نے برطانوی حکومت کو باضابطہ طو رپر خط لکھ دیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ برطانوی حکومت بی بی سی کی رپورٹ میں کئے گئے انکشافات اور حقائق کی تہہ تک پہنچنے کیلئے مدد اور معلومات فراہم کرے۔ ایک معتبر نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں کئے گئے انکشافات ہر پاکستانی کیلئے باعث تشویش ہیں۔ واضح رہے کہ بی بی سی نے چند روز قبل اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ ایم کیو ایم کے لندن میں مقیم 2 رہنماؤں کے بیان کے مطابق بھارت ایم کیو ایم کی فنڈنگ کرتا ہے اور ایم کیو ایم کے کارکنوں کو تربیت کیلئے بھی بھارت بھجوایا جاتا ہے۔ اس رپورٹ کے بعد پاکستان میں ایک ہلچل مچ گئی تھی ۔ گزشتہ روز وزیر داخلہ نے وزیر اعظم نوا زشریف اور برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں جن میں بی بی سی کی رپورٹ کی روشنی میں حکومتی لائحہ عمل پر بات چیت کی تھی اور وزیر داخلہ نے اعلان کیا تھا کہ (آج) حکومت کی طرف سے برطانیہ کو تعاون کیلئے باضابطہ خط لکھ دیا جائیگا۔

مزید :

صفحہ اول -